پی ایس ایل 5، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا دیا

بابر کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 فروری 2020 18:52

پی ایس ایل 5، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10رنز سے شکست دیدی-پشاور زلمی نے 202 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 29رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے کرس جورڈن کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں ٹام بینٹن آؤٹ قرار پائے، انہوں نے 13رنز بنائے۔

نوجوان حیدر علی نے جورڈن کو چوکا لگایا اور اگلی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔تجربہ کار شعیب ملک اور کامران اکمل نے تیسری وکٹ کے لیے 35رنز جوڑے جس کے بعد وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں شعیب ملک کی 16رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔کامران اکمل نے چند جارحانہ شاٹس کھیلے لیکن کیمرون کی ایک گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وہ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 43رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد لیام لیونگسٹن کا ساتھ دینے لیام ڈوسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 47رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں واپسی آس بندھائی لیکن محمد عامر نے ڈوسن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کردیا، سیمی 30 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، اس سےقبل پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔

پابندی کے بعد کرکٹ میں واپسی کرنے والے شرجیل خان روایتی جارحانہ انداز میں نظر آئے اور حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگائے لیکن اسی اوور میں تیسرا چھکا لگانے کی کوشش میں وہ شعیب ملک کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 11 گیندوں پر 19رنز بنائے۔ اس کے بعد بابر کا ساتھ دینے کیمرون ڈیلپورٹ آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 48رنز جوڑے۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، محمد محسن نے ڈیلپورٹ کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی دلائی، انہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 20رنز بنائے۔ بابر اعظم اور عماد وسیم نے تیسری وکٹ کے لیے 97 رنز جوڑے اور اس دوران بابر نے اپنی 36 ویں ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی جس کےبعد بابر 78 رنز بنا رن آوٹ ہوئے، کپتان عماد وسیم اپنی تیسری ٹونٹی ٹونٹی ففٹی مکمل کرنے کے بعد حسن علی کی گیند پر شعیب ملک کے شاندار کیچ کی بدولت پوویلین لوٹے، اننگز کی آخری تین گیندوں پر افتخار احمد نے حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگانے کے بعد ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 201رنز بنائے اور زلمی کو فتح کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا ہے۔پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 2وکٹوں کے عوض 52رنز دیے۔اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے اور ہم کراچی کنگز کو کم رن تک محدود کر کے ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے غیرملکی کھلاڑیوں میں مجھے سمیت، ٹام بینٹن، لیام ڈاسن اور لیام لیونگسٹن شامل ہیں۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے اور ٹاس جیت کر میں بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتا۔ عماد نے کہا کہ ہم اس وکٹ پر کم از کم 170رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔ میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم(کپتان)، چیڈوک والٹن، بابر اعظم، شرجیل خان، افتخار احمد، کیمرون ڈیلپورٹ، محمد رضوان، عمید آصف، محمد عامر، کرس جورڈن اور ارشد اقبال پر مشتمل ہے جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم میں ڈیرن سیمی(کپتان)، ٹام بینٹن، لیام لیونگسٹن، کامران اکمل، حیدر علی، محمد محسن، شعیب ملک، ڈیرن سیمی، لیام ڈاسن، وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی شامل ہیں-
وقت اشاعت : 21/02/2020 - 18:52:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :