ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بابر کی حکمرانی، پہلی پوزیشن پر برقرار

ٹیم رینکنگ میں پاکستان کا پہلا نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 1 مارچ 2020 12:44

ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بابر کی حکمرانی، پہلی پوزیشن پر برقرار
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم مارچ2020ء ) پاکستان کے ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم کی مختصر ترین فارمیٹ میں حکمرانی کو تاحال کوئی چیلنج نہیں کرسکا۔ وہ ٹی ٹونٹی میں عالمی نمبر ایک بیٹسمین ہیں۔ آئی سی سی نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام پر نئی عالمی رینکنگ جاری کردی۔ بھارت کے کے ایل راہول عمدہ کارکردگی کی بنا پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بابراعظم کے 879 جب کہ راہول کے 823 پوائنٹس ہیں۔ تیسری پوزیشن آسٹریلین کپتان ایرون فنچ، چوتھی نیوزی لینڈ کے کولن منرو جب کہ پانچویں آسٹریلیا کے گلین میکسویل کے پاس ہے۔ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی فہرست میں 10 ویں نمبر پر ہیں۔ بولرز میں افغانستان کے راشد خان ٹاپ پر، ان کے ساتھ مجیب الرحمٰن دوسرے اور آسٹریلین ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

چوتھی پوزیشن ایشٹن ایگر جب کہ پانچویں تبریز شمسی کے نام ہے۔ٹیم رینکنگ میں پاکستان 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، انگلینڈ 267 پوائنٹس لے کر تیسرے، بھارت 264 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقہ 259 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں،نیوزی لینڈ چھٹے، افغانستان ساتویں،بنگلہ دیش آٹھویں ، سری لنکا نویں اور عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔                                                                                                          
وقت اشاعت : 01/03/2020 - 12:44:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :