عالمی وبائی بیماری کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، قمر زمان

منگل 17 مارچ 2020 12:11

عالمی وبائی بیماری کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، قمر زمان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2020ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ عالمی وبائی بیماری کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں تاہم کھلاڑیوں کو فٹنس برقرار رکھنے کیلئے ٹریننگ جاری رکھنا ہوگی، رواں سال اکتوبر میں پشاور میں پروفیشنل سکواش فیڈریشن کے مقابلے کھیلے جائیں گے، ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اکیڈمیاں قائم کر رکھی ہیں۔

منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سکواش فیڈریشن (پی ایس ای) نے دو ماہ کیلئے بین الاقوامی مقابلے معطل کر دیئے ہیں۔ دو ماہ کے دوران قطر، کویت، پاکستان، ملائیشیا اور ایشین سینئر سکواش چیمپئن شپ پی ایس اے نے ملتوی کر دی ہے جس کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاکستان میں بھی اپریل میں شروع ہونے والے پی ایس اے کے ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ برائے مینز اینڈ ویمنز جو کہ اپریل کے پہلے ہفتے میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جانی تھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے ۔

اسی طرح دیگر قومی ایونٹس بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کرنے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ضرور ہوئی ہیں لیکن کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے تربیت جاری رکھنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کھلاڑیوں کی فٹنس صحیح نہیں ہو گی تو ان کے کھیل میں تسلسل جاری نہ رہ سکے گا۔

قمر زمان نے کہا کہ پشاور میں آئندہ ماہ اپریل میں پی ایس اے کا ایونٹ 10 سال بعد کھیلا جانا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اب اکتوبر میں پشاور میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکواش کا مستقبل روشن ہے ۔ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے لاہور، پشاور، کراچی میں اکیڈمیاں کام کر رہی ہیں جن میں جونیئر کھلاڑیوں کو سابق سینئر کھلاڑی تربیت دے رہے ہیں۔ آئندہ پانچ سے چھ سالوں کے بعد ان اکیڈمیوں سے ایسے باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے جو پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مجاہد انور خان اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران سکواش کے فروغ اور بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/03/2020 - 12:11:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :