جیسن روئے نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کو جھوٹا قرار دیدیا

لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے دوران صرف 3 بیٹ ٹوٹے اور ان کی وجہ بھی غصہ نہیں تھی: برطانوی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 مئی 2020 17:35

جیسن روئے نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کو جھوٹا قرار دیدیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3مئی 2020ء ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیسن روئے نے ندیم عمر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے دوران صرف 3 بیٹ ٹوٹے اور ان کی وجہ بھی غصہ نہیں تھی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ جیسن روئے نے اپنے تمام بلے توڑ دئیے، ان کے پاس کل پانچ بلے تھے جو انہوں نے ڈریسنگ روم میں توڑے۔

ہم نے راولپنڈی میں احمد شہزاد کی مدد سے ان کیلئے نئے بلوں کا بندوبست کیا۔ندیم عمر نے اس موقع پر کہا ”جیسن روئے ایک ہی بات کہتے تھے کہ وہ گیند کو مڈل نہیں کر پا رہے۔

(جاری ہے)

جبکہ میرے خیال سے شین واٹسن اور جیسن روئے ایک دوسرے کیساتھ چل نہیں سکے کیونکہ واٹسن بڑی شاٹس کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ جیسن روئے سکور بنانے کیلئے وکٹوں کے درمیان دوڑنے کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔

جیسن روئے نے اس خبر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ’’یہ غلط بات ہے، میرے صرف تین بیٹ ٹوٹے اور وہ بھی خشک موسم اور نیٹ پریکٹس کے دوران بہت زیادہ استعمال اس کی وجہ بنی، میں صرف تین سے چار بیٹ ہی پاکستان آتے ہوئے اپنے ساتھ لایا تھا‘‘۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ملتوی شدہ پانچویں ایڈیشن میں جیسن روئے نے 8 اننگز میں 33.28 کی اوسط کیساتھ 233 رنز بنائے اور ان کا سٹرائیک ریٹ 120.1 رہا لیکن اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز رہنے کے باوجود بھی ان کی کارکردگی میں کہیں نہ کہیں کمی نظر آئی۔
وقت اشاعت : 03/05/2020 - 17:35:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :