کرکٹر آصف علی نے ایسی تصویر اور پیغام شیئر کر دیا کہ ہر دل پسیج گیا

”آج میری بیٹی کو اللہ کے پاس گئے ایک سال ہو گیا، ایسے جیسے کل کی بات تھی، اللہ تعالیٰ میری بیٹی کو جنت کا پھول بنائے، آمین“ : جارح مزاج بلے باز کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مئی 2020 20:05

کرکٹر آصف علی نے ایسی تصویر اور پیغام شیئر کر دیا کہ ہر دل پسیج گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مئی 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کی ننھی بیٹی کی وفات کو ایک سال گزر گیا ہے جس کا ذکر انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تو ہر آنکھ نم ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق آصف علی کی کینسر کے مرض میں مبتلا بیٹی 20 مئی 2019ء کو امریکہ میں دوران علاج وفات پا گئی تھیں۔ نور فاطمہ کے کینسر کے بارے میں خبریں گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے دوران اس وقت سامنے آئی تھیں جب آصف علی کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بارے میں بات کی تھی اور آبدیدہ ہو گئے تھے۔

بعد ازاں خود آصف علی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ ان کی بیٹی کو کینسر کا موذی مرض لاحق ہے اور وہ چوتھی سٹیج پر ہے جسے علاج کیلئے امریکہ لے جایا جا رہا ہے جبکہ اس خود آصف علی اس دوران مسلسل کرکٹ کھیلنے میں مصروف رہے جس پر ہر کوئی ان کی ہمت اور حوصلے کی داد بھی دیتا رہا۔

(جاری ہے)

دو سالہ نور فاطمہ کا کینسر چوتھی سٹیج پر تھا جب انہیں علاج کیلئے امریکہ منتقل کیا گیا تھا اور آصف علی اس وقت پاکستانی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ میں موجود تھے جب ان کی بیٹی وفات پا گئی تھی اور اس کی یاد آج بھی کرکٹر کے دل میں تازہ ہے جس کا اظہار انہوں نے اپنی بیٹی کی پہلی برسی کے موقع پر کیا۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نور فاطمہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”آج میری بیٹی کو اللہ کے پاس گئے ایک سال ہو گیا، ایسے جیسے کل کی بات تھی، اللہ تعالیٰ میری بیٹی کو جنت کا پھول بنائے، آمین“۔
وقت اشاعت : 20/05/2020 - 20:05:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :