پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ 21-2020کا اعلان کردیا

انعم امین اور عمیمہ سہیل سنٹرل کنٹریکٹ جبکہ 15 سالہ عائشہ نسیم اور 16 سالہ سیدہ عروب شاہ سمیت 9 خواتین کرکٹرزنئی تشکیل کردہ''ایمرجنگ'' کٹیگری میں شامل

جمعہ 5 جون 2020 17:20

پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ 21-2020کا اعلان کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 21-2020 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کردیا ہے۔ یکم جولائی سے نافذ العمل سینٹرل کنٹریکٹ میں اسپنر انعم امین اوربیٹر عمیمہ سہیل سمیت 9 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب گذشتہ سیزن کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سبب بسمہ معروف، جویریہ خان اور ڈیانا بیگ کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دے دی گئی ہے۔


اس ضمن میں پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریزکے معاوضوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنے کے لیے ایک نئی کٹیگری تشکیل دی ہے۔

(جاری ہے)

ایمرجنگ کٹیگری کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم اور 22سالہ منیبہ علی، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔
اُدھر پی سی بی نے ڈومیسٹک ایونٹس کے معاوضے بھی بڑھا دئیے ہیں۔ ان ایونٹس کی میچ فیس اور انعامی رقم میں 100 فیصد جبکہ ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔


علاوہ ازیں پی سی بی نے بسمہ معروف کو سیزن 21-2020 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے کردیاگیا ہے۔ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار مقررہ وقت پر جاری کردیا جائے گا۔
سنٹرل کنٹریکٹ برائے 2020-21:
کٹیگری اے: بسمہ معروف، جویریہ خان
کٹیگری بی: عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز
کٹیگری سی: انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار
ایمرجنگ کنٹریکٹ لسٹ: سیدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال
قومی ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ میں 58 سے زائد رنزکی اوسط سے 292 رنز بنانے والی منیبہ علی نے ایونٹ کے پانچ میچوں میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔

ان کے ہمراہ ایمرجنگ کٹیگری میں شامل عروب شاہ نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ڈیبیو میں شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ 16 سالہ اسپنر کو قومی ایک روزہ چیمپئن شپ کی بہترین باؤلر قرار دیا گیا تھا۔
آئندہ 12 ماہ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کرنی ہے۔

اس دوران قومی انڈر 19 خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنی ہے۔
عروج ممتاز، چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ:
چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز کا کہنا ہیکہ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے وہ سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ا یک طویل مشاورت کی، جہاں گذشتہ 12 ماہ کے دوران قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا پیمانہ اپنایا گیا۔


عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ رواں سال بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بسمہ معروف اور جویریہ خان کو سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف نے رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں 42.60 کی اوسط سے 213 اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 39.33کی اوسط سے 236 رنز بنائے۔ دونوں کرکٹرز اس سے قبل بی کٹیگری کا حصہ تھیں۔


عروج ممتاز نے کہا کہ گذشتہ 12 ماہ میں پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے والی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ کو بھی عمدہ کارکردگی کی بدولت سنٹرل کنٹریکٹ میں ایک درجہ ترقی دے کر بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ آلراؤنڈر عالیہ ریاض اور وکٹ کیپر سدرہ نواز بھی کٹیگری بی کا حصہ ہیں۔
عروج ممتاز نے عمیمہ سہیل اور انعم امین کی سنٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت پر خوشی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ عمیمہ سہیل کی کارکردگی میں تسلسل اور انعم امین کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بہترین باؤلنگ نے انہیں کنٹریکٹ دلانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔


چیئر آف قومی خواتین کرکٹ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کے سبب ندا ڈار کی کٹیگری میں تنزلی کی گئی ہیتاہم وہ ایک اہم رکن ہیں، انہیں اعتماد ہے کہ وہ جلد بہترین کارکردگی پیش کرنیکی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 6 ماہ بعد سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی خواتین کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔


عروج ممتاز نے کہاکہ وہ سیزن 21-2020 کے لیے کپتان مقرر ہونے پر بسمہ معروف کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف نے ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کی ڈریسنگ روم، گراؤنڈ اور اسکواڈ کی قیادت سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نئی تشکیل کردہ ایمرجنگ کٹیگری کے اعلان پر مسرور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کٹیگری میں شامل 9 خواتین کرکٹرز مستقبل کا اثاثہ ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس اعلان سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
وقت اشاعت : 05/06/2020 - 17:20:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :