کوہلی کے بعد سٹیو سمتھ نے بھی محمد عامر کو مشکل ترین باؤلر قرار دیدیا

بابراعظم عمدہ کھلاڑی ،بیٹنگ کرتے ہوئے ان کے پاس خاصا وقت ہوتا ہے: سابق آسٹریلیوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 جون 2020 11:44

کوہلی کے بعد سٹیو سمتھ نے بھی محمد عامر کو مشکل ترین باؤلر قرار دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جون 2020ء ) 2010ء میں پاکستان کے خلاف میچز سے ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کیریئر شروع کرنے والے آسٹریلین کرکٹر سٹیو سمتھ نے پاکستانی پیسر محمد عامر کو مشکل بولر قرار دیا تو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے کھیل کی تعریف کی۔ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دنیا بھر کے کرکٹرز کی طرح کھیل سے دور اور ذاتی زندگی تک محدود آسٹریلین کرکٹر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن میں شائقین کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالوں کے جواب دیے۔

ایک شائق کی جانب سے کیے گئے سوال میں آسٹریلوی بلے باز سے پوچھا گیا کہ وہ کون سا بولر ہے جس کا سامنا کرتے ہوئے انہیں مشکل پیش آئی؟ دنیائے کرکٹ کے موجودہ بلے بازوں میں بہتر معیار کا کھلاڑی ہونے اور دنیا بھر کے مختلف بولرز کا سامنا کرنے والے سٹیو سمتھ نے اپنے جواب میں لکھا ’میرے خیال میں محمد عامر وہ باصلاحیت بولر ہے جس کا مجھے سامنا کرنا پڑا‘۔

(جاری ہے)

سٹیو سمتھ کا محمد عامرکے بارے میں بیان
سٹیو سمتھ کا محمد عامرکے بارے میں بیان
 اس سے قبل 2017ء میں ایک بھارتی پروگرام کے دوران ویرات کوہلی نے بھی محمد عامر سے متعلق ایسے ہی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ دور میں پاکستانی باؤلر محمد عامر دنیا کے دو تین ٹاپ کے باؤلرز ا ور میرے کیریئر میں سامنا کیے گئے مشکل ترین باؤلرز میں سے ایک ہیں۔گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ نہ کر سکنے والے محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ سے رخصت لے چکے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں میں محض ایک وکٹ لے سکنے کے بعد سے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کی پاکستانی ٹیم سے بھی باہر ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کیے گئے محمد عامر اہلیہ کے امید سے ہونے کی وجہ سے دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کیے گئے سکواڈ کا حصہ بھی نہیں ہیں۔ 31 سالہ سٹیو سمتھ سے بابر اعظم کے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’وہ عمدہ کھلاڑی ہیں۔ بیٹنگ کرتے ہوئے ان کے پاس خاصا وقت ہوتا ہے‘۔
سٹیو سمتھ کا بابراعظم کے بارے میں بیان
سٹیو سمتھ کا بابراعظم کے بارے میں بیان
مختصر وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے بابر اعظم اس وقت تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کے ٹاپ فائیو بلے بازوں میں شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم اور ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر کیے گئے، بابر اعظم کا دھیما لیکن پراعتماد انداز اور کھیل پر توجہ انہیں شائقین و ناقدین کرکٹ کا پسندیدہ کھلاڑی بناتی ہے۔
وقت اشاعت : 15/06/2020 - 11:44:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :