قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ندیم این ڈی کورونا وائرس کا شکار

48 سالہ سابق اولمپیئن نے گزشتہ دنوں کرونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا، گھر پر قرنطینہ ہوگئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 جون 2020 12:29

قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ندیم این ڈی کورونا وائرس کا شکار
لاہور،گوجرہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جون 2020ء ) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ندیم این ڈی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ 48 سالہ ندیم این ڈی نے گزشتہ دنوں ٹیسٹ کرایا تھا جو پازیٹو آیا جس پر وہ گھر پرقرنطینہ ہو گئے ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن، ہاکی پلیئر ز اور سابق کپتان کے اہلخانہ نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے ۔ یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان کو اس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک کی صورتحال کے حوالے سے گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا تھا کہ جولائی 2020ء کے اواخر تک ملک میں کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ ہوسکتی ہے۔ 15 جون کی صبح تک پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 2 ہزار 249 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک جا پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

کووڈ 19 کی صورتحال کی نگرانی کے لیے بنائے سرکاری ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار 537، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 635، گلگت بلتستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں مزید 34 کیسز سامنے آئے۔ اس کے علاوہ وائرس سے متاثرہ مزید 66 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی جبکہ اب تک 53 ہزار 735 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 62، اسلام آباد 3، آزاد کشمیر میں مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ یادرہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا۔ اس عرصے میں وبا کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوا مارچ تک صورتحال خاصی حد تک قابو میں رہی تھی البتہ پریل سے اس میں تیزی آئی اور مئی میں یہ صورتحال بگڑنا شروع ہوگئی۔

ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کو دیکھیں تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔ یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔ اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں خاصی تیزی آئی اور یہ مہینے کے اختتام تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اس دوران اموات کی تعداد 385 ہوگئی تھی۔ تاہم مئی کا مہینہ ملک میں وبا کے لحاظ سے خاصا خطرناک ثابت ہوا اور اس ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔
وقت اشاعت : 15/06/2020 - 12:29:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :