نہ کوہلی نہ کوئی اور،بابراعظم ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کرنیوالے ایشیائی بلے باز بن گئے

پاکستانی وائٹ بال کپتان نے محض 145 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 ستمبر 2020 12:10

نہ کوہلی نہ کوئی اور،بابراعظم ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کرنیوالے ایشیائی بلے باز بن گئے
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 ستمبر 2020ء ) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلش ویٹالٹی بلاسٹ میں کاؤنٹی گلیمورگن کے خلاف شاندار سنچری بنا ڈالی۔ کارڈف کے میدان میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ میں سمرسیٹ کاونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے 62 گیندوں پر 9 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 114 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔
بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت سمرسیٹ گلیمروگن کو 184 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔

اس سے قبل بابر اعظم چار میچز میں 14 رنز کی اوسط سے صرف 58 رنز سکور کر پائے تھے۔ پاکستانی بلے باز ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کرنے والے ایشیاء کے پہلے اور دنیا کے تیسرے بلے باز بھی بنے، انہوں نے 145 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 132 اننگز کھیل کریہ اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ آسٹریلوی بلے باز شان مارش نے 144 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا، آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے 159 اننگزکھیل کر 5000 ٹونٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے جب کہ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے 163 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا،سابق آسٹریلوی بلے باز بریڈہوج نے 166 اننگز کھیل کر 5000 ٹونٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو 5000 ٹونٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنے کے لیے 167 اننگز کھیلنی پڑیں۔

(جاری ہے)

بابراعظم اب تک 150 ٹونٹی ٹونٹی میچز کی 145 اننگز میں 42.94 کی اوسط سے 5110 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 4 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے یہ رنز 125.89 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/09/2020 - 12:10:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :