سرفراز احمد سمیت سندھ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے

قومی ٹی ٹونٹی ایونٹ میں شرکت کے لیے سندھ ٹیم جمعرات کو کراچی سے لاہور روآنہ ہورہی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 ستمبر 2020 13:04

سرفراز احمد سمیت سندھ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 ستمبر 2020ء ) کپتان سرفراز احمد سمیت سندھ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آگئے۔ 30 ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ڈومیسٹک سیزن کے لیے انہوں نے پیر کو ذاتی حیثیت میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے تھے۔ قومی ٹی ٹونٹی ایونٹ میں شرکت کے لیے سندھ ٹیم جمعرات کو کراچی سے لاہور روآنہ ہورہی ہے، اگلے روز مرید کے کنٹری کلب میں پی سی بی کے تحت دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ طے ہے۔

بعدازاں ٹیم 19 ستمبر کو ملتان پہنچ کر خود کوبائیو سیکور ماحول میں محصور کرلے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے تاہم خدشات ابھی بھی برقرار ہیں کیونکہ احتیاط نہ برتنے پر یہ وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں ابھی تک 3 لاکھ 3 ہزار 634 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تاہم ان میں سے 2 لاکھ 91 ہزار 169 صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 399 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

پاکستان میں 17 ستمبر کی صبح تک مزید 545 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ 6 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔تاہم ان 545 کیسز میں سندھ کے 227 کیسز، 3 اموات، خیبرپختونخوا کے 45 کیسز اور بلوچستان کے 108 کیسز وہ تھے جو 16 ستمبر کے تھے تاہم یہ آج رپورٹ ہوئے۔سندھ میں ان 227 کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 818 ہوئی جبکہ 3 اموات نےمجوعی تعداد کو 2 ہزار 451 تک پہنچ گئی، مزید یہ کہ خیبرپختونخوا کے مجموعی کیسز 37 ہزار 185 اور بلوچستان میں مجموعی تعداد 13 ہزار 798 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020ء کو رپورٹ ہوا جس کے بعد اب تک اس وائرس کو تقریباً 7 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ میں یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد ہوگئی تھیں۔یہی نہیں بلکہ کیسز میں اضافے کی وجہ سے ملک کے ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد کم پڑنے کی اطلاعات بھی رپورٹ ہوئی تھیں۔تاہم بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔رواں ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا۔
وقت اشاعت : 17/09/2020 - 13:04:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :