قومی ٹی 20 کپ ،سعد نسیم کو بابراعظم کی جگہ کپتانی مل گئی

شاداب خان ناردرن کے کپتان ہونگے،سینٹرل پنجاب کو بابر ،ناردرن کو عماد وسیم کے بغیر نائب کپتانوں پر انحصار کرنا ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 ستمبر 2020 13:34

قومی ٹی 20 کپ ،سعد نسیم کو بابراعظم کی جگہ کپتانی مل گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2020ء ) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں 3 ٹیموں کو سٹار کرکٹرز کی کمی محسوس ہوگی۔ سینٹرل پنجاب کو بابر اعظم اور ناردرن کو عماد وسیم کے بغیر نائب کپتانوں پر انحصار کرنا ہوگا،خیبر پختونخوا کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات میسر نہیں ہوں گی، تینوں کھلاڑیوں کی دستیابی راولپنڈی میں شروع ہونیوالے دوسرے راؤنڈ سے قبل ہونیکا امکان نہیں، دوسری جانب شعیب ملک ڈومیسٹک ایونٹ میں شرکت کے لیے دبئی سے واپس آگئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہو رہا ہے جہاں پہلے مرحلے میں 6 اکتوبر تک لیگ میچز کھیلے جائیں گے، سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم اس وقت انگلش ٹی ٹونٹی بلاسٹ کرکٹ میں سمرسٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں، ناردرن کے کپتان عماد وسیم ناٹنگھم شائر کی جانب سے ایکشن میں ہیں، خیبر پختونخوا کی ٹیم میں شامل اہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ہیمپشائر کے سکواڈ کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

انگلش ٹی ٹونٹی بلاسٹ کا 3 اکتوبر کو اختتام ہوگا،کئی ٹیموں کی پیش قدمی کوارٹر فائنل سے قبل بھی تمام ہو سکتی ہے، بہرحال اگر پاکستانی کرکٹرز کو کاؤنٹیز سے فراغت مل بھی گئی تو سفری انتظامات، قرنطینہ اور کورونا ٹیسٹنگ کے مراحل کے لیے وقت درکار ہوگا، قبل ازیں پی سی بی نے بھی عندیہ دیا تھاکہ تینوں کرکٹرز 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں دستیاب ہوںگے،اس صورتحال میں ملتان میں نائب کپتان ایکشن میں ہوں گے۔

ان میچز کے دوران سینٹرل پنجاب کی قیادت سعد نسیم اور ناردرن کی شاداب خان کے سپرد ہوگی۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے قبل از وقت سکواڈز کو جوائن کرنے کا انحصار انگلینڈ میں ان کی ٹیموں کی پوزیشن پر ہے۔دوسری جانب اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد شعیب ملک دبئی سے واپس آگئے، آل راؤنڈر ڈومیسٹک ایونٹ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کریںگے۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 13:34:45