آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ ، سری لنکا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی ٹیموں نے اپنے اپنے ابتدائی میچز جیت لئے ،سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 275 رنز بنائے کوسل مینڈس 91 اور سادیرا 67 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ،انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا(کل) ہوگا ، پاکستانی ٹیم جیت کیلئے پرعزم ، بھارت کیخلاف کامیابی سے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرینگے ، قومی ٹیم کے کپتان سمیع اسلم کی گفتگو

جمعہ 14 فروری 2014 20:32

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی ٹیموں نے اپنے اپنے ابتدائی میچز جیت لئے ۔ جمعہ کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے ابتدائی روز کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں سری لنکن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 49 رنز سے زیر کیا۔ سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 275 رنز بنائے تھے، کوسل مینڈس 91 اور سادیرا 67 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

کائل جیمی سن نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 226 رنز بنا سکی۔ کپتان روبرٹ 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بینورا فرننڈو، انک فرننڈو اور لکشن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

گروپ ڈی کے ایک اور میچ میں انگلینڈ نے متحدہ عرب امارات کو با آسانی 213 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔ انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 215 رنز بنائے تھے جس کے تعاقب میں متحدہ عرب کی ٹیم 33 اوورز میں صرف 102 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

گروپ سی کے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 94 رنز سے ہرایا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 36 ویں اوور کی دوسری گیند پر 104 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ گروپ سی کے ایک اور میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے کینیڈا کو 6 وکٹوں سے زیر کیا۔ فاتح ٹیم نے 193 رنز کا ہدف 43.5 اوورز میں 4 وکٹوں پر پورا کیا۔انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا(کل) ہفتہ کو ہو گا۔ قومی ٹیم روایتی حریف کیخلاف فتح کیلئے پرعزم ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان سمیع اسلم نے کہا کہ بھارت کیخلاف کامیابی سے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرینگے ۔

وقت اشاعت : 14/02/2014 - 20:32:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :