پی ایس ایل فائنل، لاہور قلندرز کا کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 135 رنز کا ہدف

لاہور قلندرز کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 17 نومبر 2020 21:43

پی ایس ایل فائنل، لاہور قلندرز کا کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 135 رنز کا ہدف
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 نومبر 2020ء ) پی ایس ایل فائیو کے فائنل میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ، فخرزمان اور تمیم اقبال بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں 37 رنز اور 10 اوورز میں 68 رنز بنائے۔

اننگز کے 11ویں اوور میں عمید آصف نے دونوں اوپننگ بلے بازوں کی اننگز کا خاتمہ کیا، تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ ہوا وہ 38 گیندوں پر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور فخرزمان نے 24 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کے سب سے اہم بلے باز محمد حفیظ بڑے معرکے میں ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کے ہاتھوں پویلین واپس لوٹ گئے،سمت پٹیل بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اوررنز بنا کر ارشد اقبال کا شکار بن گئے ۔

(جاری ہے)

بین ڈنک بھی ان کے پیچھے پیچھے 11 رنز بنا کر پویلین جاپہنچے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ارشد اقبال نے پویلین بھیجا۔ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ محمد فیضان نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی۔ شاہین آفریدی 12 اور ڈیوڈ ویسا 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال، عمید آصف، وقاص مقصود نے 2،2 اور عماد وسیم نے 1 وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز پر برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جہاں جیت 6 مرتبہ کراچی کنگز کے نام رہی جب کہ اس ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں جہاں دونوں ٹیموں نے ایک ،ایک میچ جیتا۔ واضح رہے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا جب کہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ روپے ملیں گے۔ اس کیساتھ پلئیر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور اسپرٹ آف دی کرکٹ کے ایوارڈز بھی دیے جائیںگے۔
وقت اشاعت : 17/11/2020 - 21:43:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :