نعمان علی قائداعظم ٹرافی کا نمبر ون بائولر

34 سالہ نعمان علی نے قائداعظم ٹرافی کے 7 میچز میں اب تک 54 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 دسمبر 2020 17:43

نعمان علی قائداعظم ٹرافی کا نمبر ون بائولر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 دسمبر 2020ء ) قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں اب تک ناردرن ٹیم کی جانب سے کھیلنے والے لیفٹ آرم سپنر نعمان علی پہلے نمبر ہیں۔ 34 سالہ نعمان علی نے قائد اعظم ٹرافی کے 7 میچز میں ابتک 20.74 کی اوسط سے 54 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے، خیبر پختوانخوا کے ساجد خان 7 میچز میں 22.56 کی اوسط سے 46 وکٹیں لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

سدرن پنجاب لیگ سپنر زاہد محمود 7 میچز میں 39 وکٹیں لیکر تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ بلے بازوں کی کیٹیگری میں خیبرپختونخوا کے کامران غلام پہلے نمبر پر ہیں، انہوں نے 7 میچز میں 3 سنچریوں اور اتنی ہی نصف سنچریوں کی مدد سے 713 رنز بنا رکھے ہیں ۔ کامران غلام نے 8 ویں راؤنڈ کے پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر بھی ناقابل شکست 145 رنز بنائے ۔

(جاری ہے)

سدرن پنجاب کے بیٹسمین آغا سلمان 7 میچز میں 1 سنچری اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 665 رن بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

سندھ کے سعود شکیل 7 میچز میں 2 سنچریوں اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 657 رن بنا کرتیسرے نمبر پر ہیں۔ یاد رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کا 8 واں راؤنڈ جاری ہے جس میں پہلی 2 پوزیشنز حاصل کرنے کی دوڑ میں 6 ٹیمیں آمنے سامنے ہیں ۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم 7 میں سے 4 میچ جیت کر پہلے نمبر ہے۔ ناردرن دوسرے، سدرن پنجاب تیسرے اوردفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب مسلسل 2 فتوحات کے بعد اب آخری پوزیشن سے چوتھے نمبر پر آگئی ہے، بلوچستان ایک درجہ تنزلی کے بعد 5ویں اور سندھ چھٹی پوزیشن پر موجود ہے ، ٹورنامنٹ میں شامل ہر ٹیم نے اب تک 7،7 میچز کھیلے ہیں۔ خیبرپختونخوا نے 4، ناردن اور سدرن پنجاب نے 3،3، سینٹرل پنجاب نے 2 جب کہ بلوچستان اور سندھ نے ایک ،ایک میچ جیتا ہے۔
وقت اشاعت : 15/12/2020 - 17:43:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :