کرکٹ بورڈ سرفراز احمد کو خوار کرتے کرتے خود خوار ہوگیا: حامد میر

ایک کرکٹر پاکستان کا وزیراعظم ہے ،کیا وہ کرکٹ میں ناکامیوں کا الزام بھی نوازشریف، زرداری پر لگائیں گے؟:سینئر صحافی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 جنوری 2021 16:14

کرکٹ بورڈ سرفراز احمد کو خوار کرتے کرتے خود خوار ہوگیا: حامد میر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 جنوری 2021ء ) قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کے بعد سینئر صحافی حامد میر کو سابق کپتان سرفراز احمد کی یاد ستانے لگی۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں حامد میر نے لکھا کہ ’’کھیل میں ہار جیت تو ہوتی رہتی ہے لیکن آج نیوزی لینڈ نے پاکستان کو کرکٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا تو مجھے سرفراز احمد بہت یاد آئے ،کرکٹ بورڈ انہیں خوار کرتے کرتے خود خوار ہوگیا،ایک کرکٹر پاکستان کا وزیراعظم ہے کیا وہ کرکٹ میں ناکامیوں کا الزام بھی نواز شریف اور زرداری پر لگائیں گے؟‘‘۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے فاسٹ باؤلر کائل جیمیسن کی شاندار باؤلنگ اور بلے بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 176 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا،دوسری اننگز میں چوتھے روز بھی پاکستانی بلے بازی ناکام رہے اور کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا ،اظہر علی 37رنز بنا سکے ،نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت میچ میں مجموعی 11 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، میچ کے اورکیوی کپتان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

(جاری ہے)

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 362 رنز کے خسارے سے دوچار پاکستانی ٹیم نے 8 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو نیوزی لینڈ کو نائٹ واچ مین کو محمد عباس کی وکٹ لینے میں زیادہ دیر نہ لگی جو صرف تین رنز بنا سکے۔اظہر علی اور عابد علی کی جوڑی نے اگلے 15 اوورز تک کیوی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم 46 کے مجموعی اسکور پر کائل جیمیسن نے 26 رنز بنانے والے عابد کو چلتا کردیا۔

حارث سہیل نے گزشتہ اننگز کی نسبت قدرے بہتر کھیل پیش کیا لیکن 16 رنز بنانے کے بعد وہ بھی کائل جیمیسن کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ دراز قد فاسٹ باؤلر نے 88 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو بڑا نقصان پہنچاتے ہوئے 37 رنز بنانے والے اظہر علی کی وکٹ بھی حاصل کر لی۔گزشتہ چند اننگز سے پاکستانی بیٹنگ لائن کا بوجھ اٹھانے والے قائم مقام کپتان محمد رضوان اس مرتبہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور جب وہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو 98 رنز پر آدھی پاکستانی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

فواد عالم کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف 16 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔فہیم اشرف نے 28 رنز اور پہلا میچ کھیلنے والے ظفر گوہر نے 37 رنز کی اننگز کھیلیں تاہم یہ دونوں ہی باریاں قومی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے معمولی کوشش ثابت ہوئیں۔پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 186رنز پر ڈھیر ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے میچ میں اننگز اور 176 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت میچ میں مجموعی 11 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔کین ولیمسن کو سب سے زیادہ رنز بنانے اور بہترین انداز قیادت پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 297 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی ڈبل سنچری اور ہنری نکولس اور ڈیرل مچل کی سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز 659 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 362 رنز کی بھاری برتری حاصل کی تھی جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو کر اننگز کی شکست سے دوچار ہو گئی۔نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا اور دوسرے میچ میں فتح کی بدولت کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
وقت اشاعت : 06/01/2021 - 16:14:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :