پی سی بی کی کمزور حکمت عملی،پی ایس ایل کا بائیو سیکیور ببل ’’ان سیکیور‘‘ بن گیا

زلمی سے نرمی برت کر دیگر ٹیموں کو بھی راہ دکھائی گئی،بعض کرکٹرز کی فیملیز کو بغیر قرنطینہ جوائن کرنے کی اجازت کا انکشاف،ہوٹل میں تقریبات جاری رہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 مارچ 2021 11:55

پی سی بی کی کمزور حکمت عملی،پی ایس ایل کا بائیو سیکیور ببل ’’ان سیکیور‘‘ بن گیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مارچ 2021ء ) پی سی بی کی کمزور حکمت عملی کی وجہ سے پی ایس ایل کا بائیو سیکیور ببل ’’ان سیکیور‘‘ بن گیا، پشاور زلمی سے نرمی برت کر بورڈ نے دیگر ٹیموں کو بھی قوانین توڑنے کی راہ دکھائی، بعض کرکٹرز کی فیملیز کو بھی قرنطینہ کیے بغیر جوائن کرنے کی اجازت ملنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ٹیمیں جس ہوٹل میں مقیم ہیں وہاں تقریبات بھی جاری رہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کیلئے پی سی بی نے بائیو سیکیور ببل بنانے کا دعویٰ کیا لیکن اس میں بھی کورونا کیسز کے انکشاف کے بعد افادیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی حکمت عملی ہی کمزور ہے، بورڈ نے پشاور زلمی کی جانب سے بائیکاٹ کے دبائو میں آکر کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کو صرف ایک دن کے قرنطینہ کے بعد ہی ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت دے کر دیگر فرنچائزز کے لیے منفی مثال قائم کی اور یوں دیگر فرنچائزز کو بھی قوانین توڑنے کی راہ مل گئی ، بعض کرکٹرز کے اہل خانہ کو بھی قرنطینہ کیے بغیر جوائن کرنے کی اجازت ملنے کا انکشاف ہوا ہے، بائیو سیکیور ببل کے باجود باہر سے کھانے منگوانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، ایک ٹیم آفیشل کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ سٹاف، ہوٹل سٹاف وغیرہ کونسا بائیو سیکیورببل میں رہ رہے ہیں، ان میں سے کسی کو بھی کورونا ہوسکتا ہے، بائیو سیکیور ببل صرف ذہنی تسلی کیلئے تشکیل دیا گیا ہے، ٹیم ہوٹل میں تقریبات بھی مسلسل جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل 6 کا انعقاد خطرے سے خالی نہیں ہے، گذشتہ برس نومبر میں 4 پلے آف میچز کے دوران 12 کیسز سامنے آئے تھے اور ان میں مزید بھی اضافہ ہوسکتا ہے، حالات کے پیش نظر کھلاڑی بھی تشویش کا شکار ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی اب ہر4 دن بعد بائیو سیکیور ببل میں موجود ہر ایک شخص کا کورونا ٹیسٹ کرائیگا جن میں کرکٹرز اور ان کے اہل خانہ، ٹیم آفیشلز اور ٹیم مالکان وغیرہ شامل ہیں، گذشتہ روز لیگ سپنر فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کا ریپیڈ ٹیسٹ کرایا گیا، گزشتہ شام ساڑھے 4 بجے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بس میں بیٹھی انتظار کرتی رہی تاہم سوا پانچ بجے انھیں ہوٹل کے اندرواپس بلا لیا گیا، چند روز قبل دونوں ٹیموں نے اکٹھے پریکٹس سیشن کیا لیکن اس کے باوجود کوئٹہ کے کھلاڑیوں کا کوویڈ19ٹیسٹ تاخیر سے کرایاگیا، میچ کا وقت 9 بجے رکھنے کے باوجود بھی شام 7 بجے تک کورونا ٹیسٹ نہیں ہوا اور پھر مقابلے کو ہی ملتوی کردیا گیا۔

بعد ازاں کوئٹہ اور دیگر 4 ٹیموں کے بھی ریپیڈ ٹیسٹ ہوئے جس کی مشین مقامی ہسپتال سے ہوٹل لائی گئی، ان ٹیسٹوں کے نتائج 15سے 20 منٹ میں سامنے آتے ہیں، رات گئے اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے، منگل کو دیگر4 ٹیموں کے بھی ٹیسٹ ہوںگے، کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نتائج جلد از جلد آجائیں کیونکہ انھیں آج رات 7 بجے میچ کھیلنا ہوگا، پی سی بی نے تمام ٹیموں کو ایک دن تک اپنے فلور پر ہی رہنے کی ہدایت دی ہے۔
وقت اشاعت : 02/03/2021 - 11:55:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :