بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال، غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کو خیرباد کہنے لگے

آسٹریلیوی فاسٹ بائولر اینڈریو ٹائی نے وطن واپسی کرلی ، دیگر 2 آسٹریلوی کرکٹرز نے فرنچائز کو واپس جانے سے متعلق آگاہ کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 اپریل 2021 12:38

بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال، غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کو خیرباد کہنے لگے
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2021ء ) بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے باعث آئی پی ایل میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ آسٹریلیوی فاسٹ بائولر اینڈریو ٹائی نے وطن واپسی کرلی جب کہ دیگر 2 آسٹریلوی کرکٹرز نے فرنچائز کو واپس جانے سے متعلق آگاہ کردیا، راجستھان رائلز سے وابستہ آسٹریلوی پیسر اینڈریو ٹائی اتوار کو وطن واپس روانہ ہوگئے، انھوں نے وطن واپسی کو ذاتی وجوہات قرار دیا۔

آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بینگلور نے ٹویٹ کی کہ ’ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن ذاتی وجوہات کی بنا پر آسٹریلیا واپس لوٹ رہے ہیں اور وہ ایونٹ کے باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے‘۔ بھارت میں اس وقت بھی آسٹریلیا کے صف اول کے کئی کھلاڑی موجود ہیں جن میں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اگرچہ بی سی سی آئی اور فرنچائزز بدستور اس پر زور دے رہی ہیں کہ آئی پی ایل منظم بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے محفوظ ہے لیکن دوسری جانب بھارت میں تیزی سے ہونے والی اموات کے بعد کئی غیرملکی کرکٹرز واپسی کے لیے پرتول رہے ہیں، انگلش بیٹسمین لیام لیونگ سٹون بھی تھکاوٹ کا عذر پیش کرکے گذشتہ ہفتے وطن واپس لوٹ گئے تھے۔

بھارت میں روزانہ تین سے ساڑھے تین لاکھ کیسز اور تقریباً تین ہزار ہلاکتوں کے باوجود آئی پی ایل کو جاری رکھنے پر تنقید کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں اتوار کو بھی تقریباً ساڑھے 3 لاکھ ریکارڈ نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔ دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک بھر کے ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں اور ملک میں آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 92 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 26/04/2021 - 12:38:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :