عثمان خواجہ پاکستان میں کھیلنے کا خواب پورا کرنے کیلئے پرجوش

کینگرو ٹاپ آرڈر بیٹسمین پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 اپریل 2021 15:20

عثمان خواجہ پاکستان میں کھیلنے کا خواب پورا کرنے کیلئے پرجوش
(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 اپریل 2021ء ) آسٹریلین کرکٹر عثمان خواجہ متبادل ڈرافٹ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے سلیکٹ ہونے کے بعد پاکستان میں کھیلنے کا اپنا خواب پورا کریں گے۔ 5 سال کی عمر میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ آسٹریلیا ہجرت کرنے والے عثمان خواجہ پی ایس ایل 6 کے باقی میچوں کے دوران اپنے آبائی شہر کی فرنچائز کے لئے کھیلیں گے ۔

عثمان خواجہ نے اس ماہ کے شروع میں بتایا کہ جب تک میں آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہا ہوں مجھے پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا، یہ میرے لیے وہاں جاکرکھیلنے کا بہترین موقع ہے،میں وہاں جاکر کھیلنا پسند کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہندوستان ، سری لنکا ، بنگلہ دیش میں کھیل چکا ہوں لیکن میں نے کبھی بھی پاکستان میں نہیں کھیلا جہاں میں پیدا ہوا، میں اپنے گھر بھی جانا چاہوں گا جہاں سے میری فیملی نے شروعات کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپسی لانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کرانے کے لئے میرے خیال میں سخت محنت کی گئی ہے تاکہ لوگ آئیں اور کھیلیں ۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان جا رہی ہے جبکہ آسٹریلیا کا بھی پاکستان میں کھیلنا مجھے اچھا لگے گا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کو رواں سال 4 مارچ کو 14 میچوں کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا۔ چھٹے ایڈیشن کے بقیہ 20 میچز یکم جون سے 20 جون تک کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 28/04/2021 - 15:20:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :