سرفراز احمد کی کپتانی کا انداز ویرات کوہلی جیسا ہے: فاف ڈوپلیسی

اعظم خان طاقتور کھلاڑی اور پاور ہٹر ، کسی بھی بائولرز کی دھلائی کرسکتے ہیں: سابق جنوبی افریقی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 جون 2021 12:52

سرفراز احمد کی کپتانی کا انداز ویرات کوہلی جیسا ہے: فاف ڈوپلیسی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 جون 2021ء ) جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلے باز فاف ڈو پلیسیس نے پاکستان کے نوجوان ہٹر اعظم خان کی تعریف کی جبکہ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کا موازنہ پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد سے کیا ۔ 36 سالہ فاف ڈوپلیسی جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے ، کا کہنا تھا کہ اعظم خان طاقتور کھلاڑی اور پاور ہٹر ہیں اور کسی بھی بائولرز کی دھلائی کرسکتے ہیں، انہوں نے اعظم خان کی زیادہ بیٹنگ نہیں دیکھی کیوں کہ وہ صرف چند میچز ہی کھیل سکے ہیں، ان کے خیال میں اعظم خان نے ایک نصف سنچری بھی سکور کی تھی، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹورنامنٹ کے اس آخری مرحلے میں وہ کیا کرتے ہیں، اعظم خان پی ایس ایل 6 کے ان میچز میں بہترین کارکردگی دکھانا چاہیں گے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان نے بھی دعوی کیا کہ سرفراز احمد سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی سے بالکل مختلف ہیں ، انہوں نے کہا کہ سرفراز کا قائدانہ انداز ہندوستان کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی سے مماثلت رکھتا ہے۔ ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اور ایم ایس دھونی بالکل مختلف ہیں، دھونی خاموش رہتے ہیں ، وہ اپنی بیشتر چیزیں فیلڈ پر فطری طور پر کرتے ہیں۔

سرفراز ان کے برعکس اور ویرات کوہلی کی طرح ہیں جو ہمیشہ کھلاڑیوں سے بات کرتے رہتے ہیں ، وہ ہمیشہ اس بارے میں بہت پرجوش رہتے ہیں کہ ٹیم کی کپتانی کیسے کرنی ہے، ان دونوں میں سے کپتانی کا کوئی صحیح اور غلط راستہ نہیں ہے بلکہ یہ دو مختلف انداز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرفراز پاکستان کے کپتان رہے ہیں جو اپنے کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں ، یہ بہت اچھا ہے کیونکہ میں ہمیشہ مختلف کپتانوں کے ساتھ کھیلنا پسند کرتا ہوں تاکہ یہ دیکھ سکوں کہ وہ کس طرح کپتانی کرتے ہیں ۔
وقت اشاعت : 05/06/2021 - 12:52:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :