کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آندرے رسل کے ٹیسٹ کلیئر آگئے

آل رائونڈر کو اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف بیٹنگ کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 جون 2021 11:46

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آندرے رسل کے ٹیسٹ کلیئر آگئے
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ویسٹ انڈین کھلاڑی آندرے رسل کے ہسپتال میں ٹیسٹ کلیئر آگئے۔ انہیں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف بیٹنگ کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگی تھی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 18 ویں میچ میں بیٹنگ کے دوران گیند لگنے کے بعد آندرے رسل نے بیٹنگ جاری رکھی تھی تاہم انہوں نے فیلڈنگ نہیں کی تھی۔

ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ان کے ٹیسٹ لئے گئے جس کے بعد وہ واپس ہوٹل آگئے۔ ویسٹ انڈین کرکٹر کی جگہ نسیم شاہ کو بطور کنکشن ری پلیسمنٹ فیلڈ میں اتارا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 18 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹ سے باآسانی ہرا دیا تھا۔

(جاری ہے)

ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز ہی بناسکی جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے بازوں نے مطلوبہ ہدف 10 اوورز میں پورا کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور عثمان خواجہ نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی خوب درگت بنائی۔ کولن منرو 36 گیندوں پر 90 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جب کہ عثمان خواجہ 41 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل اسلام آباد یوناٹئیڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فاف ڈپلسی اور عثمان خان نے اننگز کا آغاز کیا، ڈپلسی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، عثمان خان نے 14 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد کی اننگز بھی 2 رنز تک محدود رہی، اعظم خان نے 26 رنز بنائے، آندرے رسل بھی 13 رنز بناسکے، محمد نواز 4 رنز بنائے، جیک ولڈرمتھ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جیک ویدرلڈ 43 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم، محمد موسیٰ اور حسن علی نے 2،2 جب کہ عاکف جاوید اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 12/06/2021 - 11:46:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :