پی ایس ایل 2021، دھانی کی عمدہ باؤلنگ، سلطانز نے زلمی کو شکست دے دی

کپتان رضوان نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کرا یا،شاہنواز دھانی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار

پیر 14 جون 2021 15:23

پی ایس ایل 2021، دھانی کی عمدہ باؤلنگ، سلطانز نے زلمی کو شکست دے دی
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) شاہنواز دھانی کی عمدہ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ محمد رضوان اور صہیب مقصود کی جرات مندانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ابوظبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 21ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز حیدر علی اور کامران اکمل نے سنبھل کر اور قدرے سست رفتاری کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں خصوصاً حیدر علی کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نوجوان بلے باز نے 30 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔کامران اکمل نے ابتدا میں جدوجہد کے بعد شاہنواز دھانی کو ایک ہی اوور میں تین چوکے مارے اور اس کی اگلی ہی گیند پر انہیں اس وقت نئی زندگی ملی جب وکٹ کیپر رضوان ان کا آسان کیچ نہ تھام سکے۔

(جاری ہے)

پہلے اوور میں غیرمتاثر کن باؤلنگ کے باوجود دھانی نے بہترین انداز میں کم بیک کرتے ہوئے کامران کو آؤٹ کر کے اس 71 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا اور اگلی ہی گیند پر شعیب ملک کو بھی چلتا کردیا۔اسکور 84 تک پہنچا ہی تھا کہ حیدر علی بھی پویلین لوٹ گئے جبکہ روومین پاول 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو زلمی کی ٹیم 88 رنز پر چار وکٹیں گنوا چکی تھی۔ڈیوڈ ملر کا ساتھ دینے شرفین ردرفورڈ آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 37 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس مرحلے پر گزشتہ میچ کے ہیرو ڈیوڈ ملر کی ہمت جواب دے گئی جو 22 رنز بنانے کے بعد بلیسنگ مزربانی کی وکٹ بن گئے۔

شرفین ردرفورڈ نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 40 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنزبنائے جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔زلمی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز شان مسعود اور رجوان نے ٹیم کو 45 رنز کا اچھا آغاز فراہم لیکن اس مرحلے پر ایک غیرضروری شاٹ نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی 14 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد رضوان کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی ناؤ پار لگانے کا بیڑا اٹھایا۔دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا خصوصاً صہیب مقصود نے بڑے بڑے شاٹس لگا کر اپنی ٹیم کی جلد فتح کی راہ ہموار کی۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن فتح سے چند رنز کی دوری پر صہیب اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 31 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان رضوان نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا اور سلطانز نے 21 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔رضوان نے 56 گیندوں پر 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔شاہنواز دھانی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 14/06/2021 - 15:23:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :