کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کا بدھ سے آغاز ہوگا

منگل 28 ستمبر 2021 17:46

کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کا بدھ سے آغاز ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2021ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن کا بدھ سے آغاز ہوگا۔تین روزہ فارمیٹ پر مشتمل اس ایونٹ میں سندھ کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

ایونٹ کے میچز 29 ستمبر سے 14 نومبر تک جاری رہیں گے۔ یہ میچزایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور کے علاوہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم اور سعید اجمل اکیڈمی سمیت رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔



ایونٹ کا افتتاحی میچ سندھ اور سینٹرل پنجاب کے مابین ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلا جائے گا۔دفاعی چیمپئن سندھ کی ٹیم حال ہی میں مکمل ہونے والے کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بھی کامیابی حاصل کرچکی ہے۔

اُدھر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد جبکہ سدرن پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں مدمقابل آئیں گی۔

(جاری ہے)



ایونٹ کے تمام میچز ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلیں جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل راؤنڈ 12 سے 14 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔ ایونٹ میں پوائنٹس کی تقسیم مندرجہ ذیل انداز سے کی جائے گی:

پہلی اننگز میں سبقت کے بعد میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر: 9 پوائنٹس
پہلی اننگز میں خسارے کے بعدمیچ میں کامیابی حاصل کرنے پر: 6 پوائنٹس (ہارنے والی ٹیم کو کوئی پوائنٹ نہیں ملے گا)
پہلی اننگز برابر ہونے کے بعد میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر: 6 پوائنٹس(ہارنے والی ٹیم کو کوئی پوائنٹ نہیں ملے گا)
میچ ڈرا ہونے کی صورت میں پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے پر: 3 پوائنٹس
دونوں اننگز مکمل ہونے پر میچ برابر ہوجائے: دونوں ٹیموں کو 2،2  پوائنٹس
پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنےوالی ٹیم کو میچ برابر ہونے پر: 5 پوائنٹس
میچ بے نتیجہ یا ڈرا پر ختم ہو مگر پہلی اننگز برابر رہی ہو تو: دونوں ٹیموں کو 2،2  پوائنٹس
بارش یا کسی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہونے والے میچ کی پہلی اننگز بھی مکمل نہ ہونے پر : دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ
ایک اننگز کے مارجن سے کامیابی پر: ایک بونس پوائنٹ
فالو آن کا شکار ٹیم اگر میچ بچا لے(میچ ڈرا ہوجائے): ایک بونس پوائنٹ
فالو آن کا شکار ٹیم اگر میچ جیت جائے تو: 2 بونس پوائنٹ

اس موقع پر تمام ٹیموں کے کپتان پرامید ہیں کہ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیمیں متوازی ہیں، شائقینِ کرکٹ کو سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے:

عظیم گھمن، کپتان بلوچستان سیکنڈ الیون:
ہم نے ٹورنامنٹ کے لیے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔

ہمارا اسکواڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اچھے آلراؤنڈرز اور تجربہ کار بیٹرز کے سبب بیٹنگ ہمارا مضبوط شعبہ ہے۔

علی شان، کپتان سنٹرل پنجاب سیکنڈ الیون:
ہم اس تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے  کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ہمارا فاسٹ باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ بہت مضبوط ہے ، امید ہے  ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی پیش کریں گے۔



وقار احمد ، کپتان خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون:
ہم نے ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے ایک ہفتے پر مشتمل کیمپ میں شرکت کی۔ ہمارے اسکواڈ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔

عمر وحید، کپتان ناردرن سیکنڈ الیون:
 ہم نے ٹورنامنٹ کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں اپنی خامیوں کو دور کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔ ہمارے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، جو حریف ٹیم کو آل آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔



سیف اللہ بنگش ، کپتان سندھ سیکنڈ الیون :
ہم ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہمارا اسکواڈ متوازی ہے، گزشتہ سیزن سے بھی بہتر کارکردگی پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 کھلاڑیوں پر کوئی دباؤ نہیں بلکہ وہ ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔

معین الدین،کپتان سدرن پنجاب سیکنڈ الیون :
ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں کوچز نےبھرپور محنت کی ہے۔ پرعزم ہیں کہ کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
وقت اشاعت : 28/09/2021 - 17:46:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :