محمد حفیظ کو بائولنگ کرنے کا بہت لطف آتا تھا: ڈیل سٹین

سابق پروٹیز پیسر نے بین الاقوامی کرکٹ میں 2007ء سے 2019ء کے دوران مڈل آرڈر بلے باز کو 26 اننگز میں 15 مرتبہ آؤٹ کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 نومبر 2021 17:04

محمد حفیظ کو بائولنگ کرنے کا بہت لطف آتا تھا: ڈیل سٹین
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 نومبر 2021ء ) لیجنڈری جنوبی افریقی باؤلر ڈیل سٹین نے اس پاکستان بلے باز کے نام کا انکشاف کردیا جسے بائولنگ کرنے کا وہ سب سے زیادہ لطف اٹھاتے تھے۔ ڈیل سٹین نے انکشاف کیا کہ وہ تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز محمد حفیظ کے خلاف بولنگ سے ہمیشہ لطف اندوز ہوتے تھے اور انہوں نے انہیں کئی مواقع پر آؤٹ بھی کیا۔ ڈیل سٹین نے ٹویٹر پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران اس بات کا انکشاف کیا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے ڈیل سٹین سے پوچھا کہ وہ کس ٹیم کیخلاف بولنگ کرنا پسند کرتے ہیں اور وہ کس بلے باز کو آسان سمجھتے ہیں۔ سٹین نے فوری جواب دیا اور کہا کہ وہ حفیظ کے خلاف بولنگ سے لطف اندوز ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حفیظ سے دوستی ہے۔ سٹین نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف باؤلنگ میں بہت مزہ آیا کیونکہ انہوں نے کیویز کیخلاف کافی وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ عالمی کرکٹ کی ٹاپ سائیڈز میں سے ایک بن گیا ہے اور اب ایک ’حقیقی قوت‘ ہے‘۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈیل سٹین کا حفیظ کیخلاف شاندار ریکارڈ تھا کیونکہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 2007ء سے 2019ء کے دوران مڈل آرڈر بلے باز کو 26 اننگز میں 15 مرتبہ آؤٹ کیا، حفیظ ان کیخلاف صرف 14.93 کی اوسط سے رنز بنا سکے اور 3 مرتبہ صفر کی خفت سے بھی دوچار ہوئے ۔ بین الاقوامی کرکٹ میں کسی پاکستانی بلے باز کو کسی باؤلر نے اس سے زیادہ بار آؤٹ نہیں کیا۔ 38 سالہ کھلاڑی اس وقت ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کمنٹری کر رہے ہیں، جو گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد بطور کمنٹیٹر ان کا پہلا دور ہے۔
وقت اشاعت : 10/11/2021 - 17:04:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :