نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ٹرینر محمد عباس کی فٹنس سے غیر مطمئن

ٹرینر کی رمیز راجہ کو شکایت، چیئرمین نے پیسر سے وضاحت مانگی، کوئی انجری نہیں، معمول کی رفتار سے بولنگ کررہا ہوں، فٹنس بہتر بنانے پر کام جاری: ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 فروری 2022 17:19

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ٹرینر محمد عباس کی فٹنس سے غیر مطمئن
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 فروری 2022ء ) ٹیسٹ فاسٹ باؤلر محمد عباس اس وقت مشکل میں ہیں کیوںکہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) کے ٹرینر ان کے فٹنس لیول سے مطمئن نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق این ایچ پی سی کے ایک ٹرینر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ سے عباس کی فٹنس کی کمی اور ان کی ناکافی تربیت کی شکایت کی ہے۔

ٹرینر کے مطابق عباس لمبے سپیل کرنے کیلئے فٹ نہیں ہیں اور ان کی رفتار میں بتدریج کمی آتی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق شکایت سن کر چیئرمین پی سی بی ناراض ہوگئے اور انہوں نے محمد عباس سے وضاحت کے لیے رابطہ کیا، رمیز راجہ نے عباس سے ان کی فٹنس کی کمی کے بارے میں پوچھا کہ وہ اپنی معمول کی رفتار سے باؤلنگ کیوں نہیں کر پا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد عباس نے جواب دیا کہ وہ فٹنس کے کسی مسئلے کا شکار نہیں ہیں بلکہ ٹریننگ سیشن کے دوران اچھا محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسی رفتار کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں جو پہلے کرتے تھے اور چیئرمین پی سی بی کو یقین دلایا کہ وہ ہر ٹریننگ سیشن میں اپنا 100 فیصد حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی رفتار اور فٹنس کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے اور جب بھی قومی ٹیم کیلئے کھیلنے کا موقع ملا پاکستان کے لیے فاتحانہ کردار ادا کریں گے۔ 31 سالہ کھلاڑی نے انکشاف کیا کہ ان کی حکمت عملی مسلسل پرفیکٹ لائن اور لینتھ پر بائولنگ کرنا ہے کیونکہ اس سے مخالف بلے بازوں کو پریشانی ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی تکنیک یہ ہے کہ پرانی گیند کو بلے بازوں پر قابو پا کر اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے اور انہیں خراب شاٹس مارنے کے لیے دباؤ میں لایا جائے۔ دائیں ہاتھ کے سیمر پچھلے کچھ سالوں سے قومی ٹیم کے اندر اور باہر ہیں۔ وہ آخری بار پاکستان کے لیے 2021ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھیلے تھے۔ انھیں 2021ء کے آخر میں بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کی آخری ٹیسٹ میچ سیریز میں نہیں لیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 08/02/2022 - 17:19:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :