پاکستان کیخلاف سیریز سے غیر حاضر کھلاڑی انٹرنیشنل میچز ختم ہونے تک آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے: جارج بیلی

ہم نے طویل عرصہ اپنے ملٹی فارمیٹ کھلاڑیوں کیساتھ محنت کی ہے، اپنے بہترین کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ آسٹریلیا کیلئے کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں: چیف سلکیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 فروری 2022 14:00

پاکستان کیخلاف سیریز سے غیر حاضر کھلاڑی انٹرنیشنل میچز ختم ہونے تک آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے: جارج بیلی
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 فروری 2022ء ) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں سے غیر حاضر رہنے والے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائزز کے لیے اس وقت تک ریلیز نہیں کیا جائے گا جب تک آسٹریلین ٹیم انٹرنیشنل میچز کھیل رہی ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کیلئے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان کردیا، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی 29 مارچ سے 5 اپریل تک راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

ڈیوڈ وارنر اور تجربہ کا پیسرز کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، قیادت ایرون فنچ کریں گے، دیگر منتخب کھلاڑیوں میں سٹیو سمتھ، مارک سٹوئنس، ایڈم زمپا، سین ایبٹ، ایشٹن ایگر، جیسن بہرنڈورف، ایلکس کیری، نیتھن ایلس، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مارنس لبوشین، مچل مارش، بین میکڈرمٹ اور کین رچرڈسن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سٹار کرکٹرز ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنز، جوش ہیزل وڈ، مچل سٹارک اور گلین میکسویل کی خدمات میسر نہیں ہوں گی ۔

آسٹریلین چیف سلیکٹر جارج بیلی جنہوں نے 50 سے زیادہ محدود اوورز کے بین الاقوامی میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی کی ، سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں یہ مسئلہ نظر آیا کہ کھلاڑی وائٹ بال میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر رہے لیکن آئی پی ایل کے لیے تیار ہیں ؟۔ سوال کے جواب میں جارج بیلی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک طویل عرصے کے دوران اپنے ملٹی فارمیٹ کے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت محنت کی ہے۔

جس چیز کو ہم واقعی یقینی بنانا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم اپنے بہترین آسٹریلوی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ آسٹریلیا کے لیے کھیلتا دیکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسلسل کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انہیں اپنی ضرورت کی چیز مل جائے، اور یہ بھی کہ ہم اپنی ضرورت کو حاصل کرنا جاری رکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ماہ پی سی بی نے آسٹریلیا کے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا تھا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔ دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
وقت اشاعت : 22/02/2022 - 14:00:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :