کراچی اور لاہور میں نئی پچز کی تیاری کا کام شروع، پی سی بی نے ویڈیو شیئر کر دی

اس بار ڈھاکا گھاس لگائی جارہی ہے، کراچی میں13پچز کے سکوائر کو بدلا جارہا ہے، پچ نمبر 3 کیلئے آسٹریلیا سے مٹی منگوائی ہے، 11 پچز میں ڈیڑھ انچ نئی مٹی ڈالی جائیگی جسکے بعد اس میں کھاد، دیگر لوازمات کی مدد سے انہیں نئی شکل دی جائیگی: چیف کیوریٹر آغا زاہد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 اپریل 2022 11:44

کراچی اور لاہور میں نئی پچز کی تیاری کا کام شروع، پی سی بی نے ویڈیو شیئر کر دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اپریل 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا کہ نیشنل سٹیڈیم اور قذافی سٹیڈیم میں نئی ​​پچوں کی تیاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے والا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں نئی ​​پچز کی تعمیر کا کام دیکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے ہوم ٹور کے دوران خراب پچز پر پی سی بی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے آئندہ سیزن کے لیے نئی پچز تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی بڑی ٹیمیں دو بار ملک کا دورہ کرتی نظر آئیں گی۔ آف سیزن میں چیئرمین رمیز راجا کی ہدایت پر پچوں میں نئی مٹی ڈالی گئی ہے تاکہ مستقبل کے سٹارز کو نئے سیزن میں اچھی پچوں پر کوالٹی کرکٹ مل سکے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے چیف کیوریٹر آغا زاہد کا کہنا ہے کہ وقفے کو سامنے رکھتے ہوئے پچوں میں خامیوں کو دور کیا جارہا ہے۔

سیزن ختم ہونے کے بعد نئی مٹی اور گھاس کا تجربہ کیا جارہا ہے۔ پچوں کو جاندار بنانے کے لئے چار مرحلوں میں یہ کام ہوگا۔ اس بار ڈھاکا گھاس لگائی جارہی ہے۔ دیسی گھاس بھی لگائی جارہی ہے۔ کراچی میں13پچوں کے سکوائر کو تبدیل کیا جارہا ہے۔ پچ نمبر تین کیلئے آسٹریلیا سے مٹی منگوائی گئی ہے۔ گیارہ پچوں میں ڈیڑھ انچ نئی مٹی ڈالی جائے گی جس کے بعد اس میں کھاد اور دیگر لوازمات کی مدد سے انہیں نئی شکل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے آسٹریلوی پچ کنسلٹنٹ کی خدمات بھی حاصل کی ہے وہ بھی پاکستان آکر پچوں کے بارے میں اپنی رپورٹ دیں گے۔ آسٹریلوی ماہر یہ رپورٹ بھی دیں گے کہ پاکستان میں ڈراپ ان پچیں کتنی مدد گار ثابت ہوسکتی ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں لاہور اور کراچی کی پچوں کی اپ گریڈیشن ہورہی ہے۔
وقت اشاعت : 20/04/2022 - 11:44:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :