پی سی بی نے ڈراپ اِن پچز لگانے کا فیصلہ ملتوی کردیا

موجود پچز کو ہی اَپ گریڈ کرنے کیلئے گراؤنڈ سٹاف اور پچ کیوریٹرز کو احکامات جاری کردیئے گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اپریل 2022 12:42

پی سی بی نے ڈراپ اِن پچز لگانے کا فیصلہ ملتوی کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اپریل 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈراپ اِن پچز لگانے کے فیصلے کو ملتوی کردیا۔ کرکٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے ڈراپ اِن پچز تنصیب کرنے کے فیصلے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور موجود پچز کو ہی اَپ گریڈ کرنے کے لیے گراؤنڈ سٹاف اور پچ کیوریٹرز کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

پاکستان میں نئے ڈومیسٹک سیزن کے حوالے سے پچز کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے، نیشنل سٹیڈیم ،کراچی اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پچز کی تیاری کے لیے برمودہ ڈھاکا گراس کا استعمال کیا جائے گا۔ پی سی بی کی جانب سے باؤنسی پچز اس لیے تیار کروائی جارہی ہیں تاکہ آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے کھلاڑیوں کی تیاریوں کو جلد از جلد حتمی شکل دی جاسکے اور آسٹریلوی پچز سے ہم آہنگ ہوسکیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ کے دوران چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے دو ڈراپ اِن پچز منگوانے کا ذکر کیا تھا، جس کی مالیت 37 کروڑ روپے سے زائد تھی۔ واضح رہے کہ ڈراپ اِن پچز کی خصوصیت یہ ہے کہ ان پچز کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکتا ہے جبکہ انہیں آسٹریلیا اور انگلیڈ سمیت کئی ممالک استعمال کرتے ہیں۔                                                                                           
وقت اشاعت : 21/04/2022 - 12:42:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :