پی سی بی کا کنڈیشننگ کیمپ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث ملتوی

راولپنڈی،اسلام آباد کی موجودہ سیاسی صورتحال کی روشنی میں 26 مئی سے شروع ہونیوالا 61 کرکٹرز پر مشتمل کنڈیشنگ کیمپ کا دوسرا مرحلہ ملتوی کر دیا گیا : پاکستان کرکٹ بورڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 مئی 2022 15:50

پی سی بی کا کنڈیشننگ کیمپ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث ملتوی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کے باعث کنڈیشنگ کیمپ کا دوسرا مرحلہ ملتوی کر دیا ہے ۔ اس ہفتے کے شروع میں سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی آج 25 مئی کو ملک کی ’’حقیقی آزادی کی جنگ‘‘ کے لیے وفاقی دارالحکومت کی طرف مارچ کرے گی ۔

ایک سرکاری بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ راولپنڈی/اسلام آباد کی موجودہ سیاسی صورتحال کی روشنی میں 61 کرکٹرز پر مشتمل کنڈیشنگ کیمپ کا دوسرا مرحلہ جو 26 مئی سے شروع ہونا تھا، ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے ٹرائلز بھی ملک میں خاص طور پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

این سی اے ٹرائلز آج سے شروع ہونے والے تھے۔ معتبر ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ نے کیمپ کے شرکا کو جلد از جلد اپنے اپنے شہروں کو منتقل ہونے کی ہدایت بھی کی ہے جبکہ کیمپ کی نئی تاریخوں کا اعلان بروقت کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت راولپنڈی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 8، 10 اور 12 جون کو شیڈول تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے قبل این ایچ پی سی میں کنڈیشنگ کیمپ کے لیے لاہور میں ہے۔
وقت اشاعت : 25/05/2022 - 15:50:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :