ککری گرائونڈ کو ایک مکمل اسپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کیا جا رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

اتوار 26 جون 2022 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ککری گرائونڈ لیاری کی عوام کے لئے ایک تحفہ ہوگا، اس گرائونڈ کو ایک مکمل اسپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، توقع ہے کہ اکتوبر کے آخر تک یہاں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔

یہ بات انہوں نے ککری گرائونڈ لیاری کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن شکیل چوہدری، پیپلزپارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت،پروجیکٹ ڈائریکٹر نذیر میمن اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ لیاری اور پیپلز پارٹی لازم و ملزوم ہیں، لیاری کے عوام کے دل پیپلز پارٹی کے ساتھ دھڑکتے ہیں، سندھ حکومت لیاری کے عوام کو تمام تر سہولیات مہیا کرے گی اسی طرح کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی بلاامتیاز و تفریق ترقیاتی منصوبے زیر تعمیر ہیں اور کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بھی کھیلوں کے میدان، پارکس اور اوپن اسپیس بحال کئے جا رہے ہیں، ہم نے شہر کی روشنیاں بحال کرنے کا تہہ کیا ہوا ہے اور اس میں کافی حد تک کامیابی بھی ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے ان علاقوں میں بھی ترقیاتی کام کئے ہیں جہاں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کو منتخب نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ککری گرائونڈ کی تزئین و آرائش کا سنگ بنیاد فروری میں رکھا گیا تھا اس سے قبل ککری گرانڈ کے سامنے سے گزرنے والی روڈ کو بحال کیا گیا تھا اور اب ککری گرائونڈ میں تعمیراتی کام جاری ہیں، اس کمپلیکس میں فٹ بال گرانڈ، اسکوائش کورٹ، ٹیبل ٹینس، باکسنگ کی سہولیات، انڈور سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ لیاری کی نوجوانوں کو ان کے اپنے ہی علاقے میں کھیلوں سے متعلق یہ سہولیات مہیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور کھیلوں کی دنیا میں اپنا نمایاں مقام رکھتے ہیں، لیاری نے عالمی سطح کے فٹ بال، باکسنگ،سائیکلنگ اور مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹس پیدا کئے ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا کے پارکوں کی صورتحال کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے اور اندرونی سڑکوں کو ازسرنو تعمیر کیا جارہا ہے، پروجیکٹ ڈائریکٹر نذیر میمن نے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو نقشوں اور چاٹوں کی مدد سے ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وقت اشاعت : 26/06/2022 - 19:30:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :