شان مسعود کاؤنٹی چیمپئن شپ میں 1000 رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

کیلنڈر ایئر میں شان مسعود کے 2 ہزار رنز بھی مکمل ہو گئے، وہ پی ایس ایل 7 میں 478، ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں 516 اور کاؤنٹی چیمپئن شپ میں 1037 رنز بنا چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 جون 2022 11:49

شان مسعود کاؤنٹی چیمپئن شپ میں 1000 رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جون 2022ء ) پاکستان کے اوپننگ بلے باز شان مسعود رواں سیزن میں 1000 فرسٹ کلاس رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ 32 سالہ کھلاڑی نے یہ کارنامہ سسیکس کے خلاف ڈربی شائر کی پہلی اننگز کے دوران انجام دیا۔ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی صرف 12 اننگز میں 1,000 تک پہنچنے والے سب سے تیز ترین ڈربی شائر بلے باز بن گئے، انہوں نے 1980ء میں پیٹر کرسٹن کے 16 اننگز کے پچھلے ریکارڈ کو شکست دی۔

شان مسعود 51 گیندوں پر 46 رنز بنا کر سٹیون فن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں اب تک 12 اننگز میں 1037 رنز بنائے ہیں جن میں تین سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 2022ء کیلنڈر ایئر میں شان مسعود کے 2 ہزار رنز بھی مکمل ہو گئے۔

(جاری ہے)

وہ پی ایس ایل 7 میں 478، ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں 516 اور کاؤنٹی چیمپئن شپ میں 1037 رنز بنا چکے ہیں۔

شان مسعود پچھلے نو مہینوں سے شاندار فارم میں ہیں اور انہوں نے جہاں بھی کھیلا ہے رنز بنائے ہیں۔ وہ اس وقت T20 بلاسٹ میں 47 کی اوسط اور 142.14 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 516 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ شان مسعود یکم جولائی کو ڈربی میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی وارم اپ میچ میں بھارت کے خلاف ڈربی شائر کے کپتان ہوں گے۔ گزشتہ روز شان مسعود نے اپنے کلب ڈربی شائر کے لیے تمام فارمیٹس میں 1500 رنز مکمل کرنے میں کامیاب رہے تھے، انھوں نے لنکاشائر کے خلاف صرف 50 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
وقت اشاعت : 27/06/2022 - 11:49:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :