ای سی بی سکیورٹی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل معائنے کے لیے پاکستان پہنچے گی

تین رکنی ٹیم اگلے 3 ہفتوں میں پاکستان پہنچے گی، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں انتظامات کا معائنہ کریگی، پی سی بی ملتان میں بھی میچز کروانے کا خواہاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 4 جولائی 2022 12:10

ای سی بی سکیورٹی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل معائنے کے لیے پاکستان پہنچے گی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 جولائی 2022ء ) انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی تین رکنی سکیورٹی اینڈ ویجیلنس ٹیم 15 ستمبر سے شروع ہونے والی 7 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے تین مراکز کا معائنہ کرنے کے لیے اگلے تین ہفتوں میں ملک پہنچے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک ذریعے نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ سکیورٹی ٹیم جس میں ای سی بی کا ایک اہلکار بھی شامل ہوگا ان تینوں مقامات کا معائنہ کرے گی اور مہمان ٹیم کے قیام کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لے گی، سکیورٹی ٹیم ہوٹل سے گراؤنڈز اور واپسی کا سفر کرے گی اور سٹیڈیم کے اندر انتظامات کا جائزہ بھی لے گی۔

ای سی بی کی ٹیم سات میچوں کی سیریز کی میزبانی کے لیے ملک کے تین بڑے شہروں راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں انتظامات کا معائنہ کرے گی۔

(جاری ہے)

پی سی بی چاہتا ہے کہ ٹیم ملتان سٹیڈیم کا بھی دورہ کرے جہاں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کروائی ہے۔ اس مخصوص سیریز کے دوران ملتان سٹیڈیم میں بار بار بھرے سٹیڈیم نے پی سی بی کے تھنک ٹینک کو انگلینڈ کے دورے کے لیے اسے بھی زیر غور لانے پر مجبور کردیا تاہم ای سی بی نے ابھی تک اس مقام پر سنجیدگی سے غور کرنے کے لیے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی ہے۔

پی سی بی کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ہماری کوششیں ای سی بی کو ٹیم کو ملتان بھیجنے پر راضی کرنے کی رہی ہیں، ملک کے بہترین سٹیڈیموں میں سے ایک ہونے کے علاوہ ملتان کے شائقین کھیل سے محبت کرتے ہیں اور اچھی کرکٹ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ کس کے بلے سے رنز بہہ رہے ہیں اور کون اچھی بولنگ کررہا ہے۔ تاہم، مقامات کے بارے میں فیصلہ کرنا انگلش کرکٹ بورڈ پر منحصر ہے۔

یہ خیال کیا جاتا ہے کہ تین بڑے شہروں کے دو مقامات پر 7 میچوں کی سیریز کی میزبانی کی جائے گی جس کا حتمی فیصلہ سکیورٹی ٹیم کے دورہ پاکستان کے اختتام پر کیا جائے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم 15 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی اور ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی اور پری کپ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اکتوبر میں آسٹریلیا روانہ ہونے کا منصوبہ ہے۔ ٹیم کے پاکستان میں قیام کے 18 دنوں کے اندر انگلینڈ 7 میچ کھیلے گا۔

دو مقامات پر سیریز کا انعقاد بہترین آپشن ہے۔ اگر ملتان نہیں تو لاہور اور کراچی اپنی بڑی صلاحیتوں کی وجہ سے بہترین دستیاب مراکز ہیں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سیریز کا مقصد ہمیشہ کراوڈ کو اپنی طرف متوجہ کرنا اور بہترین ممکنہ مالی منافع حاصل کرنا ہوتا ہے۔ لاہور اور کراچی ایسے مراکز ہیں جہاں سے ہمیں بہتر منافع کی توقع ہے۔ پنڈی سٹیڈیم میں تقریباً 13 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کم ہے۔ لہذا پنڈی سٹیڈیم کا آپشن بہت کم ملے گا تاہم حتمی فیصلہ ای سی بی دورہ کرنے والی ٹیم کی سفارشات پر کرے گا۔ اگرچہ انگلش کرکٹ بورڈ نے ابھی تک سکیورٹی ٹیم کی آمد کی تاریخوں سے آگاہ نہیں کیا ہے لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ یہ جولائی کے تیسرے ہفتے میں یہاں آئے گی۔
وقت اشاعت : 04/07/2022 - 12:10:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :