شاہین شاہ آفریدی کو خیبر پختونخوا پولیس کا اعزازی ڈی ایس پی رینک سجا دیا گیا

پیر 4 جولائی 2022 23:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کو خیبر پختونخوا پولیس کا خیرسگالی سفیر بننے کے موقع پر اعزازی ڈی ایس پی رینک کے بیجز سجائے گئے۔ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں منعقدہ تقریب میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد احمد بنگش اور آئی جی پی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے شاہین شاہ آفریدی کو اعزازی بیجز لگائے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سپر سٹار بیٹسمین فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی کے والد اور بھائی، پشتو کے شاعرو ادیب اور دانشور پروفیسرآباسین یوسفزئی، ایڈیشنل آئی جی پیز، ڈی آئی جیز، کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری اور آئی جی پی نے قومی ہیرو شاہین شاہ آفریدی کو اعزا زی بیجز سجائے تو انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کا خیر سگالی سفیرکا اعزاز پانے کے فوراً بعد اپنے والد اور پھر آئی جی پی کو سلوٹ پیش کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد احمد بنگش نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ہمارے ملک کا چمکتا دھمکتا ستارہ ہیں اور انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارا سر فخر سے بلند اور نام روشن کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بیلٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ، اس خطے نے کھیلوں کے حوالے سے بڑے بڑے نام پیدا کئے ہیں جنہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں سے کارہائے نمایاں سرانجام دیتے ہوئے صوبے کا نام روشن کیا ہے۔

نامور پشتو شاعر، دانشور اور ادیب پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی صرف نام کے نہیں بلکہ کردار کے بھی شاہین ہیں اور ان کی کرکٹ اور کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کا جھنڈا ہمیشہ سربلند رہے گا۔ صوبائی پولیس سربراہ معظم جاہ انصاری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی جڑیں عوام میں ہیں اور یہاں کے عوام پولیس کے ساتھ بے پناہ محبت کرتی ہیں اور یہ جذبہ دوسرے جگہوں پر بہت کم پایا جاتا ہے۔

آئی جی پی نے کہا کہ اس خطے میں کھیلوں کے حوالے سے ہر دور میں مختلف چیمپیئن پیدا ہوئے جن میں سکوائش، ہاکی، کرکٹ، والی بال، فٹ بال، تقریباً تمام ہی کھیلوں میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ آئی جی پی نے شاہین شاہ آفریدی کا خیبر پختو نخوا پولیس کا خیر سگالی سفیر بننے کو نیک شگون قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ کرکٹ کے میدان میں مختلف ٹیموں کی وکٹیں اڑاتے رہیں گے اور خیبر پختونخوا پولیس اپنی بہترین کارکردگی سے ملک و سماج دشمن عناصر کے چھکے چھڑاتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح شاہین شاہ آفریدی نے لاہور قلندرز کی قیادت کرتے ہوئے اسے پہلی بار پی ایس ایل کا چیمپئین بنوایا اسی طرح وہ خیبر پختونخوا پولیس کا خیر سگالی سفیر بننے کے بعد پولیس فورس کا امیج مزید بہتر بنانے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا پلیٹ فارم شاہین شاہ آفریدی کو ہر وقت دستیاب ہوگا اور جب بھی محکمہ پولیس کوئی نیا اقدام یا نئی ایپ لانچ کرے گا تو شاہین شاہ آفریدی پولیس کا امیج بہتر بنانے میں پیش پیش رہیں گے۔

آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو اپنا امیج بہتر بنانے اور عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے قیام کے لیے شاہین شاہ آفریدی کی اشد ضرورت ہے ۔ قومی ہیرو شاہین شاہ آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی وردی پہن کر خیبرپختونخوا پولیس کا خیر سگالی سفیر بننا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے ، اصلی ہیرو ہم نہیں بلکہ خیبرپختونخوا پولیس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پولیس کی کارکردگی کو بیا ن کرتے ہوئے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس بڑی مشکل ڈیوٹیاں سرانجام دے رہی ہیں۔ اور وہ ان کی ہمت و عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے بہت سی مشکلات کے باوجود بیش بہا قربانیاں دیکر امن قائم کیا۔ انہوں نے اپنی طرف سے پولیس کو ہر ممکن سپورٹ اور اپنی دستیابی کا یقین بھی دلایا۔
وقت اشاعت : 04/07/2022 - 23:40:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :