پی سی بی سہ ملکی کرکٹ سیریز کو پذیرائی دینا چاہتا ہے، فیصل حسنین

بدھ 17 اگست 2022 14:57

پی سی بی سہ ملکی کرکٹ سیریز کو پذیرائی دینا چاہتا ہے، فیصل حسنین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سال 2023 سے 2027 تک کے لیے فیوچر ٹور پروگرام کو ترتیب دیتے ہوئے معیاری اور مسابقتی کرکٹ اور ورک لوڈ منیجمنٹ کو ترجیح دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ تینوں طرز کی کرکٹ کو برابر مواقع دئیے جائیں گے۔

آئی سی سی کے 12 فل ممبرز میں سے 10 ممالک کی ٹیمیں ان 4 سالوں میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔انہوں نے کہا انہیں امید ہے کہ اس عرصہ کے دوران پاکستان کرکٹ کے مداحوں کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ اس دوران انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ افغانستان، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں محدود طرز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ پی سی بی سہ ملکی کرکٹ سیریز کو پذیرائی دینا چاہتا ہے اور اس ضمن میں آئندہ ایف ٹی پی میں دو ٹرائی نیشن سیریز رکھی گئی ہیں۔ پہلی سیریز فروری 2024 میں کھیلی جائے گی، جہاں پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ دوسری سیریز میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستان کے مدمقابل آئیں گی۔
وقت اشاعت : 17/08/2022 - 14:57:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :