ہاکی ٹیم ملائشیا میں کھیلے جانے والے 29ویں سلطان اذلان شاہ

ہاکی کپ میں شرکت کے لئے کراچی سے ملائشیا چلی گئی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں نو کھلاڑی پہلی بار انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں جس سے انکو انٹرنیشنل ہاکی میچز کا تجربہ حاصل ہوگا، مینجرکی گفتگو

ہفتہ 29 اکتوبر 2022 22:21

ہاکی ٹیم ملائشیا میں کھیلے جانے والے 29ویں سلطان اذلان شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2022ء) پاکستان ہاکی ٹیم ملائشیا میں کھیلے جانے والے 29ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت کے لئے کراچی سے ملائشیا چلی گئی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین پی ایچ ایف حکام، سیکرٹری سندھ ہاکی ایسوسی ایشن اکبر قائمخانی، ممبر کانگریس پی ایچ ایف گلفراز خان، چیف کوآرڈینیٹر پی ایچ ایف میجررشاہنواز، ڈاکٹر ایس اے ماجد سینیئر نائب صدر کے ایچ اے اور محسن علی خان نائب صدر کے ایچ اے کے ہمراہ پاکستان ہاکی ٹیم کی روانگی کے وقت موجود تھے۔

عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی سے خصوصی دعا کے بعد چیف سیکرٹری حکومت سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی ہدایات پر پاکستان ہاکی ٹیم بہترین سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ایرپورٹ روانہ ہوئی۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی ٹیم کو ایرپورٹ اور امیگریشن حکام کی جانب سے خصوصی پروٹوکول دیا گیا اور قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی گئیں اور صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ڈاکٹر جنید علی شاہ کی جانب سے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں قائم سٹیٹ آف دی آرٹ میجسٹک لاونچ میں قومی ہاکی ٹیم کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔

اس موقع پرپاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر محمد سعید خان نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی پرجوش اور باصلاحیت ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں نو کھلاڑی پہلی بار انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں جس سے انکو انٹرنیشنل ہاکی میچز کا تجربہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کپتان عمر بھٹہ کی تجربہ کار قیادت میں قومی ہاکی ٹیم ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کو ایسا شاندار اور شایان شان پروٹوکول دیا گیا ہے جس سے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ پاکستان ہاکی کا ماضی شاندار روایات سے مزین ہے جس کی یاد تازہ ہوگئی۔
وقت اشاعت : 29/10/2022 - 22:21:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :