وزیراعلیٰ پنجاب سے معروف کوہ پیما ساجد علی سد پارہ کی ملاقات ، ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کیلئے 15 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان

ماحولیاتی تبدیلیوں سے پہاڑ بھی متاثر ہو رہے ہیں،قدرتی ماحول برقرار رکھنے کیلئے ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کو پورا سپورٹ کرتے ہیں‘پرویز الٰہی

منگل 20 دسمبر 2022 22:53

وزیراعلیٰ پنجاب سے معروف کوہ پیما ساجد علی سد پارہ کی ملاقات ، ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کیلئے 15 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں معروف کوہ پیما ساجد علی سد پارہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ساجد علی سدپارہ کی کوہ پیمائی میںپیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کے لئے 15 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساجد علی سدپارہ نے بغیر آکسیجن کے ٹو سر کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

ساجد علی سدپارہ جیسے باہمت نوجوان قوم کا اثاثہ ہیں۔ کوہ پیمائی بلند ہمت نوجوانوں کاکھیل ہے اور میں آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پہاڑ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قدرتی ماحول برقرار رکھنے کے لئے ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کو پورا سپورٹ کرتے ہیں۔ ساجد علی سدپارہ نے کہا کہ کوہ پیمائی کے فروغ اور کے ٹو کلین اپ مہم کے لئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا تعاون قابل تحسین ہے۔

’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کے تحت کیمپ 4 سے بیس کیمپ تک ویسٹ ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کوہ پیمائی کے فروغ کے لئے کے ٹو کی صفائی کی مہم شروع کر رہے ہیں۔ مقامی اور انٹرنیشنل کوہ پیماؤں کے ساتھ مل کر کے ٹو کو کلین کیا جائے گا۔ 24 سالہ کوہ پیما ساجدعلی سد پارہ دو مرتبہ آکسیجن کے بغیر کے ٹو سر کر چکے ہیں اور نیپال میں مناسلو چوٹی سرکرنے والے پہلے پاکستانی ہیں ۔ ساجد علی سد پارہ گشہبرون چوٹی ساڑھے تین دن میں سر کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ کوہ پیما سا جد علی سد پارہ نے کے ٹو کو کلین مہم کیلئے گرانٹ کے اعلان پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر اور کوہ پیما محمد علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 20/12/2022 - 22:53:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :