کیلنڈر ایئر میں زیادہ سنچریاں، بابر اعظم نے یونس خان کو پیچھے چھوڑ دیا

قومی کپتان رواں سال اب تک 8 سنچریاں سکور کرچکے، سابق کپتان نے 2014ء میں 7 سنچریاں بنائی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 27 دسمبر 2022 12:39

کیلنڈر ایئر میں زیادہ سنچریاں، بابر اعظم نے یونس خان کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 دسمبر 2022ء ) بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک برس میں 8 سنچریاں بنا کر قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے برائن لارا، آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ،بھارت کے ویرات کوہلی اور محمد یوسف کا ریکارڈ برابر کردیا۔ یونس خان نے 2014ء میں 7 سنچریاں سکور کی تھیں۔

بابر اعظم ٹیسٹ اوسط میں ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔ پاکستانی کپتان نے 50.43 رنز فی اننگز رنز بنائے ہیں، کوہلی کی ایوریج 48.90 ہے۔ سابق بھارتی کپتان نے 50 کی اوسط کا ہدف 52 ٹیسٹ اور ساڑھے 5 سال کی کرکٹ میں حاصل کیا جب کہ بابر اعظم نے 46 ٹیسٹ کھیلتے ہوئے 6 سال میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ اس کے علاؤہ بابر اعظم رواں برس ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 11 سو رنز بنائے ہیں اور انگلینڈ کے کھلاڑی جو روٹ کا 1098 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم نے آسٹریلوی کھلاڑی رکی پونٹنگ کا ایک سال میں سب سے زیادہ 50 پلس رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔ رکی پونٹنگ نے 2005ء میں 24 ففٹی کا ریکارڈ بنایا تھا اور 17 برس تک یہ ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکا تھا، لیکن کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم نے 25 ویں ففٹی پلس بنا کر یہ اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے محمد یوسف کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بابراعظم ایک سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں، اس سے پہلے یہ ریکارڈ محمد یوسف کے پاس تھا جنہوں نے 2006ء میں 2435 انٹرنیشنل رنز بنائے تھے، جبکہ بابر اس سال ٹی20 انٹرنیشنل میں 735، ون ڈے میں 679 اور ٹیسٹ میں ہزار سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 27/12/2022 - 12:39:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :