کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ باؤنڈریز کا ریکارڈ لگا دیا

کوئٹہ کی ٹیم نے 30 چوکوں اور 10 چھکوں سمیت 40 باؤنڈریز لگائیں، جیسن روئے کی اننگز میں 20 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 مارچ 2023 11:54

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ باؤنڈریز کا ریکارڈ لگا دیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مارچ 2023ء ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے کے ساتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایک میچ میں سب سے زیادہ باؤنڈریز لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ پشاور زلمی نے 241 رنز کا ہدف دیا تھا جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ رن چیس کے دوران کوئٹہ کی ٹیم نے 40 باؤنڈریز لگائیں اور یہ اتنی باؤنڈریز لگانے والی پی ایس ایل کی پہلی ٹیم بن گئی۔

کوئٹہ کی اننگز میں 30 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ ان میں سے 25 باؤنڈریز 145 رنز بنانے والے جیسن روئے نے لگائیں، ان کی اننگز میں 20 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ محمد حفیظ نے آٹھ ، مارٹن گپٹل نے چار اور ول سمیڈ نے تین باؤنڈریز لگائیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 241 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر جیسن روئے کی شاندار 145 رنز ناٹ آؤٹ کے بدولت حاصل کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے نے 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 63 گیندوں پر طوفانی 145 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ محمد حفیظ بھی 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ وِل شمیڈ 26 اور مارٹن گپٹل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے مجیب الرحمان اور وہاب ریاض نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ٹٓاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز اسکور کیے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل کی پہلی سیچری اسکور کرتے ہوئے 115 رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ روومن پاول 35 اور ٹام کوہلر کیڈمور 7رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ڈووین پریٹوریس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 09/03/2023 - 11:54:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :