میڈیا پر سنا تھا عمران خان کے کہنے پر سرفراز کو کپتانی سے ہٹایا گیا: رومان رئیس

پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے تھا کہ اگر سرفراز احمد پرفارم نہیں کررہے تو آپ مشورہ کرکے انہیں ریسٹ دیتے جیسے بابر کو دیا : قومی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 اپریل 2023 16:09

میڈیا پر سنا تھا عمران خان کے کہنے پر سرفراز کو کپتانی سے ہٹایا گیا: رومان رئیس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اپریل 2023ء ) قومی کرکٹر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے میڈیا کے ذریعے سنا تھا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا ہاتھ ہے۔ حال ہی میں 31 سالہ رومان رئیس نے یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ 'سیفی بھائی کی جو کپتانی گئی اس میں کیا خان صاحب ملوث تھے؟'۔

جواب میں قومی کرکٹر نے کہا 'یہ بات میڈیا کے ذریعے سننے میں تو آئی تھی کہ جب بھارت سے پاکستان کا میچ تھا تو شاید خان صاحب نے ان کو کہا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرلینا، یا بولنگ کرنا، میرے خیال سے ان کی بات نہیں مانی گئی، تو شاید اس کی وجہ سے کچھ ہوا ہو کہ بات نہ ماننے پر قیادت سے فارغ کردیا ہو'۔

(جاری ہے)

رومان رئیس کا کہنا تھا ' آپ ہمارے ملک میں اس قسم کی چیزوں کی توقع کرسکتے ہیں کہ جس بندے نے چیمپئنز ٹرافی جتوائی ہو، ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر 7 سے نمبر تین پر لایا ہو، ون ڈے فارمیٹ میں نمبر 7 سے نمبر ون ٹو پر لایا جب کہ ٹی20 نمبر ایک ٹیم بنائی، اسی طرح بطور کپتان ریکارڈ 14 سیریز جتوائی ہوں لیکن ایک میچ ہارنے کے بعد کپتانی سے ہٹادیا جاتا ہے اور پھر ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا جاتا ہے، یہ زیادتی اور ناانصافی نہیں تو اور کیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے تھا کہ اگر سرفراز احمد پرفارم نہیں کررہے تو آپ مشورہ کرکے انہیں ریسٹ دیتے نہ کپتانی چھین لینی چاہیے، جیسے بابر کو دیا، بھارت نے بھی ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کو ریسٹ دیا لیکن انہیں ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا گیا'۔
وقت اشاعت : 27/04/2023 - 16:09:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :