بھارتی کرکٹ ٹیم دنیائے کرکٹ کی نئے چوکرز بن گئی

گزشتہ 10 سال کے دوران آئی سی سی ٹورنامنٹس میں 8 ناک آؤٹ میچز میں شکست سے دوچار ہوچکی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 جون 2023 17:00

بھارتی کرکٹ ٹیم دنیائے کرکٹ کی نئے چوکرز بن گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2023ء ) شائقین کرکٹ عمومی طور پر جنوبی افریقہ کو دنیائے کرکٹ کے چوکرز کے طور پر جانتے ہیں لیکن اصل چوکرز تو بھارتی کرکٹ ٹیم ثابت ہورہی ہے جو گزشتہ 10 سال کے دوران آئی سی سی ٹورنامنٹس میں 8 ناک آؤٹ میچز میں شکست سے دوچار ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ کو 1992ء کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کیخلاف ناکامی کے بعد ہر آئی سی سی ایونٹ کے ناک آئوٹ راونڈ میں شکست کے باعث چوکرز کا خطاب ملا تھا لیکن اب بھارتی ٹیم نے اسے بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔

بھارتی ٹیم اتوار کے روز آسٹریلیا کیخلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں ناکامی کے نتیجے میں مسلسل دوسری بار ٹیسٹ کرکٹ کی حکمرانی کا خواب چکنا چور کر بیٹھی، یہ گزشتہ 10 سال میں بھارتی ٹیم کی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 8ویں ناکامی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم کو 2014ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں سری لنکا کیخلاف شکست ہوئی اور اگلے سال 2015ء میں ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے اپنے ہوم گرائونڈ پر بھارتی سورماؤں کو شکست دی۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز نے 2016ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کو اس کے ہوم گراونڈ پر شکست دی ۔ اس کے بعد آیا چیمپئنز ٹرافی 2017ء کا فائنل جس میں روایتی حریف پاکستان نے فخر زمان کی شاندار سنچری اور محمد عامر کے سپیل کی بدولت بھارتی ٹیم کو ایک بار پھر ٹرافی سے محروم رکھا۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2019ء میں بھی انگلینڈ اور بھارت کو فیورٹ ٹیمیں مانا جارہا تھا لیکن نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں کوہلی الیون کو ایک بار پھر خالی ہاتھ گھر جانے پر مجبور کیا۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء میں بھارتی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہی راونڈ میں باہر ہوگئی ۔ اسی سال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء میں بھی بھارتی ٹیم کی قسمت نہ بدل سکی اور سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ایک بار پھر اسے 10 وکٹوں کی عبرت ناک شکست سے دوچار کر دیا۔
وقت اشاعت : 12/06/2023 - 17:00:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :