ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار، شبمن گل سے فاصلہ صرف 5 پوائنٹس کا رہ گیا

شاہین آفریدی ٹاپ 10 باولرز کی فہرست سے باہر، حسن علی اور رضوان کی 10، 10 درجے ترقی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 11 اکتوبر 2023 13:54

ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار، شبمن گل سے فاصلہ صرف 5 پوائنٹس کا رہ گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اکتوبر 2023ء ) ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ویرات کوہلی، کوئنٹن ڈی کاک اور ڈیوڈ ملان ٹاپ 10 میں شامل ہیں جبکہ ایک تیز گیند باز نے بولنگ رینکنگ میں واضح برتری حاصل کرلی ہے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں ابتدائی آٹھ میچوں میں دس سنچریوں نے آئی سی سی مینز او ڈی آئی بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ اینڈ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کے لیے ڈی کاک کی شاندار سنچری نے اوپنر کو بیٹنگ رینکنگ میں ایک مقام اوپر چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے، کیونکہ وہ فارمیٹ سے ریٹائر ہونے سے قبل آخری 50 اوور کے ٹورنامنٹ میں اپنی شناخت بنانے کے لیے تیار ہیں۔ ہندوستانی اسٹار کوہلی کرکٹ ورلڈ کپ کے میزبان ٹیم کے افتتاحی مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 85 رنز بنانے کے بعد 2 درجے ترقی کے بعد جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز سے نیچے 7تویں نمبر پر ہیں ۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے اوپنر ڈیوڈ ملان بنگلہ دیش کے خلاف 140 رنز بنا کر بیٹنگ رینکنگ میں 7 درجے اوپر 8ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔ ملان کیریئر کی بہترین ریٹنگ 711 تک پہنچ گئے ہیں جو کوہلی سے 4 پوائنٹس پیچھے ہیں، اور پاکستان کے امام الحق سے 6 پوائنٹس آگے ہیں جو 3 درجے تنزلی کے بعد 9ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ہندوستانی کیپر بلے باز کے ایل راہول (15 درجے ترقی کرکے 19 ویں نمبر) اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ایڈن مارکرم (11 درجے ترقی کرکے 21 ویں نمبر پر) کو بھی کرکٹ ورلڈ کپ میں رنز سکور کرنے کا فائدہ ہوا ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم شو پیس ایونٹ میں اب تک سری لنکا کے خلاف 10 اور نیدرلینڈ کے خلاف پانچ کے اسکور کے باوجود ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں 835 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ بھارت کے نوجوان بیٹر شبمن گل بیماری کی وجہ سے سائیڈ لائن ہونے کے باوجود 830 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کیخلاف ریکارڈ ساز فتح میں ناقابل شکست سنچری سکور کرنے والے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 10 درجے ترقی کے بعد 39ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

آسٹریلیا کے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ نے بھارت کے محمد سراج کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ہیزل ووڈ نے 669 سے 682 ریٹنگ پوائنٹس کی چھلانگ لگائی ۔ سراج 5 پوائنٹس کھو کر بولنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے۔ کلدیپ یادو آسٹریلیا کے خلاف 2 وکٹیں لیکر 8ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ جدیجہ کی 22 درجے ترقی ہوئی ہے لیکن پھر بھی ٹاپ 40 گیند بازوں سے باہر ہیں۔

نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ (2 درجے ترقی کرکے تیسرا نمبر) اور میٹ ہنری (4 درجے ترقی کرکے 5واں نمبر) بھی ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔ حسن علی نے 10 درجے ترقی کے بعد 88ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن اپنے ابتدائی دو میچوں میں چار وکٹیں لینے کے بعد آئی سی سی مردوں کی ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔
وقت اشاعت : 11/10/2023 - 13:54:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :