ورلڈ کپ ، نیدرلینڈ کا افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

افغانستان کی ٹیم اب تک اس ورلڈ کپ میں 3 سابقہ عالمی چیمپئنز کو شکست دے چکی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 نومبر 2023 13:04

ورلڈ کپ ، نیدرلینڈ کا افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
لکھنو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 نومبر 2023ء) آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے 13ویں ایڈیشن کے 34 ویں میچ میں نیدرلینڈ نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 2023ء کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی، جس کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگیا ہے اور 19 نومبر کو اختتام ہوگا۔

میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی 10 ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا شامل ہیں۔ 1975ء اور 1979ء کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اپنی تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے، انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت کر رہا ہے، یہ پہلا مردوں کا کرکٹ ورلڈ کپ ہوگا جس کی میزبانی صرف بھارت کرے گا، بھارت اس سے قبل برصغیر پاک و ہند کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر 1987ء، 1996ء اور 2011ء میں ایونٹ کی میزبانی کر چکا ہے۔

13ویں آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے 10 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے ، جن میں احمد آباد، بنگلور، چنائی، نئی دہلی، دھرم شالا، حیدرآباد، کولکتہ، لکھنئو، ممبئی اور پونے شامل ہیں۔ پہلا اور دوسرا سیمی فائنل بالترتیب ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم اور کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائیگا جبکہ فائنل نریندر مودی سٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائیگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 8 ستمبر کو میگا ایونٹ سپروائز کرانے کیلئے 9 ممالک کے 16 نامور میچ امپائرز کا اعلان کیا تھا، ان 9 ممالک میں آسٹریلیا کے 3، انگلینڈ کے 4، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا سے 2، 2 جبکہ پاکستان ،میزبان بھارت ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سے ایک ایک امپائر شامل ہیں ،میگا ایونٹ کے میچوں میں ریفری کی خدمات بھارت کے جواگل سری ناتھ، نیوزی لینڈ کے جیف کرو، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے رچی رچرڈسن اور زمبابوے کے اینڈی پائی کرافٹ سرانجام دیں گے۔

آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ (1987ء، 1999ء ، 2003ء ،2007ء ، 2015ء) ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت (1983، 2011ء) اور ویسٹ انڈیز (1975ء، 1979ء) کی ٹیمیں 2، 2 مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان (1992ء) ، انگلینڈ (2019ء) اور سری لنکا (1996ء) کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔
وقت اشاعت : 03/11/2023 - 13:04:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :