قومی کرکٹرسدرہ امین کو رواں برس ویمن لیگ نہ ہونے پرافسوس

پیر 18 مارچ 2024 15:28

قومی کرکٹرسدرہ امین کو رواں برس ویمن لیگ نہ ہونے پرافسوس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹر سدرا امین نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے موقع پر گزشتہ برس نمائشی میچز ہونے کا فائدہ ہوا لیکن رواں برس ویمن لیگ کے نہ ہونے کا افسوس ہے۔ایک انٹرویومیں ٹاپ آرڈر بیٹر سدرا امین نے کہا کہ پاکستان ویمن کرکٹرز کے لیے لیگ کا ہونا ضروری ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ بورڈ اس حوالے سے ضرور پلان ترتیب دے رہا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس ویمن لیگ کے نہ ہونے کا افسوس ہے، پی ایس ایل کے موقع پر گزشتہ برس نمائشی میچز ہونے کا فائدہ ہوا ، غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شئیر کیا، ان سے بہت کچھ سیکھا اور اس کا پاکستان ویمن ٹیم کو سیریز میں فائدہ ہوا۔کرکٹر نے کہا کہ پاکستان ویمن کرکٹرز کی مہارت میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہورہا ہے، ماضی میں کچھ کھلاڑی غیر ممالک جا کر کھیلنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں، میں سمجھتی ہوں کہ پاکستان کی ویمن کرکٹرز جلد غیر ملکی لیگز میں تسلسل کے ساتھ کھیلیں گی۔

(جاری ہے)

سدرا امین نے کہا کہ پاکستان میں ویمن کرکٹرز کی تلاش کیلئے اسکولز اور کالجز میں جانا ہوگا ، ویمن کرکٹرز کو زیادہ سے زیادہ میچز دیں، ان میں مہارت آئے گی، نیوزی لینڈ کو نیوزی لینڈ میں ہرانے سے اعتماد میں اضافہ ہوا اور یہ چیز بھی ختم ہو ئی کہ ہم کسی بڑی ٹیم کو ان کے ہوم گراؤنڈز پر نہیں ہرا سکتے، نیوزی لینڈ کو ہرانے سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اس کا فائدہ آئندہ سیزن میں ہو گا جو کہ بہت مصروف ہے۔

انہوںنے کہاکہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کو کراچی میں کھیلنا ہے، پھر انگلینڈ جانا ہے، ایشیا کپ میں شرکت کرنا ہے اور پھر میگا ایونٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا ہے، آئندہ سیزن کے لیے ہمیں فٹنس پر زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہیے، فٹنس بہتر ہوگی تو میچز کے رزلٹ حق میں ہوں گے، یہی وجہ ہے کہ میچز میں وقفے کے باوجود تمام کھلاڑی انفرادی طور پر کام کر رہی ہیں اور روزوں کے باوجود ٹریننگ کے پلان ترتیب دئیے ہیں۔
وقت اشاعت : 18/03/2024 - 15:28:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :