انٹرکالج رمضان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کامیاب رہا، اسے مزید توسیع دیں گے، محسن نقوی

منگل 9 اپریل 2024 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے افتتاحی انٹر کالج رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ کو آئندہ سال وسیع پیمانے پر منعقد کریں گے جس میں نئی ٹیموں، نئے مقامات اور نئے شہروں کا اضافہ کیا جائے گا۔چیئرمین پی سی نے کہا کہ وہ اتنے مختصر نوٹس پر ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی اور اس پر عملدرآمد سے خوش ہیں۔

ہم آئندہ سال اس سے بھی زیادہ شاندار اور وسیع ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے جس میں مزید ٹیمیں، شہر، مراعات اور انعامات شامل ہوں گے۔ پی سی بی میں ہماری بنیادی توجہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو پروان چڑھانے پر مرکوز ہے اور وہ کالج کرکٹ کے ذریعے اس مقصد کو حاصل کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کی کامیابیوں میں سے ایک کامیابی ڈسٹرکٹ ٹیموں کی طرف سے کھلاڑیوں کی نمایاں تعداد کا انتخاب ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑی جتنا زیادہ وقت ٹریننگ اور میچ کے مقامات پر گزاریں گے وہ اتنا ہی بہتر بنیں گے جس سے ان کے کلبوں، علاقوں اور ملک کو فائدہ پہنچے گا۔محسن نقوی نے توقع ظاہر کی کہ مزید تعلیمی ادارے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے آمادہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد کے فائنل کے دوران قابل ذکر بات والدین کی پرجوش شرکت تھی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی کا مقصد کرکٹ کے مقامات میں زیادہ سے زیادہ سرگرمیاں کرنا ہے تاکہ نوجوانوں کو کرکٹ میں کریئر بنانے پر غور کرنے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ محسن نقوی نے جیتنے والے کالجوں کو مبارکباد اور شریک تمام کالجوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پرزور حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ماضی کی طرح فعال کردار ادا کرے۔

پی سی بی کے ساتھ ان کا تعاون بہت ضروری ہے کہ وہ ہمیں مکمل سپورٹ کریں۔ یہ تعاون ہمیں ایک ایسا ایونٹ کرنے کے لیے اہم ہے جو ہماری قوم کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت ہونے والے پہلے انٹرکالج رمضان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے گئے جن میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں 21.21میچز منعقد کیے گئے، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن نے اپنے نیٹ ورک پر آٹھ میچ نشر کیے۔

کراچی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں جناح کالج نے عید گاہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں گورنمنٹ کالج بی 36 لانڈھی کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ لاہور میں پنجاب کالج نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو ایل سی سی اے گراونڈ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ اسلام آباد میں آئی ایم پی سی سی کالج ایچ ایٹ فور نے ویسٹ منسٹر کے خلاف 63 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
وقت اشاعت : 09/04/2024 - 22:33:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :