نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا (کل) سے آغاز ہوگا

منگل 16 اپریل 2024 23:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ (کل) بدھ سے فیصل آباد میں شروع گا، ٹورنامنٹ میں 6 ریجنل ٹیموں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو ڈبل لیگ کی بنیاد پر 50 اوورز کے میچز کھیلیں گی۔ گزشتہ سیزن میں یہ ٹورنامنٹ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ کے نام سے منعقد ہوتا رہا ہے جس میں تین ٹیمیں بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنامائٹس حصہ لیتی رہی ہیں لیکن پی سی بی نے خواتین کرکٹ کے فروغ کے لئے اس سال چھ ٹیموں کو شامل کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں شریک چھ ٹیمیں کراچی ، لاہور ، ملتان ، پشاور ، کوئٹہ اور راولپنڈی کو کم از کم دس میچز کھیلنے کو ملیں گے۔ٹورنامنٹ میں 30 لیگ میچوں کے بعد دو سرفہرست ٹیمیں 11 مئی کو فائنل میں مدمقابل ہونگی ۔ فاتح ٹیم کو سلور ٹرافی اور دس لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ رنرز اپ ٹیم کو پانچ لاکھ روپے ملیں گے۔اس اہم ایونٹ کے میچز جواد کلب کرکٹ گراؤنڈ اقبال سٹیڈیم اور بوہڑنوالی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ سعید اجمل اکیڈمی گراؤنڈ کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔عمیمہ سہیل کراچی ریجن ،کائنات حفیظ لاہور، صائمہ ملک کوئٹہ ، ہمنہ بلال ملتان ،گل رخ پشاور اور ماہنور آفتاب راولپنڈی کی قیادت کریں گی ۔
وقت اشاعت : 16/04/2024 - 23:38:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :