سینٹرل ایشین والی بال لیگ کا آغاز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں ہوگیا ، لیگ 17 مئی تک جاری رہے گی

ہفتہ 11 مئی 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) سینٹرل ایشین والی بال لیگ کا آغاز ہفتہ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں ہوگیا ، لیگ 17 مئی تک جاری رہے گی۔ والی بال لیگ میں 6 ٹیمیں ایران، ترکمانستان، سری لنکا، کرغزستان، افغانستان اور میزبان پاکستان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔لیگ کا افتتاح چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کیا۔

انہوں نے ملک میں کھیلوں اور تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔افتتاحی تقریب میں رنگا رنگ ثقافتی پرفارمنس اور آتش بازی کی گئی ۔تقریب میں کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد نے اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی ۔لیگ کے پہلے دن ایران نے ترکمانستان کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی جبکہ کرغزستان نے سری لنکا کو 3-2 سے شکست دے کر فتح حاصل کی،لیگ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے جس میں تمام ٹیمیں ٹاپ پوزیشن کے لیے کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نے کھیلوں اور تعلیم کے لیے انڈوونمنٹ فنڈ قائم کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے جو کہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ فراہم کرے گا اور ملک میں کھیلوں کی فروغ اور بہتری میں مدد گار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 13 سال بعد ہاکی کے کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں سے لگائو رکھنے والا ملک ہے ،کھیلوں کا فروغ اور ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سنٹرل ایشین والی بال لیگ جو 17 مئی تک جاری رہے گی ایک یادگار ہونے کی امید ہے۔
وقت اشاعت : 11/05/2024 - 22:10:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :