پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹرصاحبزادہ فرحان کا اپنی عمدہ کارکردگی پرخوشی کا اظہار

جمعرات 1 مئی 2025 16:22

پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹرصاحبزادہ فرحان کا اپنی عمدہ کارکردگی پرخوشی کا اظہار
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے اپنی عمدہ کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی سے اس ایڈیشن میں کامیابی کے لیے پرعزم تھے۔ میں نے نیشنل ٹی 20 کپ میں تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 605 رنز بنائے تھے۔

مجھے اندازہ تھا کہ پی ایس ایل میں کچھ ٹیموں میں جگہ موجود ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے مجھے منتخب کیا۔ انہوں نے اپنی حالیہ سنچری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے شروع سے اعتماد تھا کہ میں پی ایس ایل میں سنچری بنا سکتا ہوں۔ پشاور زلمی کے خلاف میری اننگز اس ایڈیشن کی بہترین اننگز تھی اور میں دوبارہ ایسی اننگز کھیلنے کی امید رکھتا ہوں۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ گزشتہ چند برسوں سے تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چار روزہ اور ون ڈے ٹورنامنٹس میں ٹاپ پرفارمر رہے ہیں اور اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ اگر دوبارہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تو بہتر اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلوں گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ماحول کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے فری ہینڈ دیا گیا ہے کہ میں اپنا نیچرل کھیل کھیلوں۔

شاداب خان اور سلمان علی آغا نیٹ میں بہت سپورٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ان کے لیے نئی ٹیم نہیں کیونکہ وہ ماضی میں بھی اس فرنچائز کا حصہ رہ چکے ہیں۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ پانچ میچز جیتنے کے باوجود ٹیم آرام کے موڈ میں نہیں۔ ہماری توجہ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے پر مرکوز ہے۔
وقت اشاعت : 01/05/2025 - 16:22:44