پولیس کے ناروا سوالات نے پاکستان کی سیر پر آئی ہالینڈ کی مشہور بائیک رائیڈر کو پریشان کردیا

جمعرات 21 اگست 2025 21:38

پولیس کے ناروا سوالات نے پاکستان کی سیر پر آئی ہالینڈ کی مشہور بائیک رائیڈر کو پریشان کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)پاکستان پولیس کے ناروا سوالات نے پاکستان کی سیر پر آئی ہالینڈ کی مشہور بائیک رائیڈر کو پریشان کردیا۔ پاکستان کے بالائی علاقوں کی سیاحت پر آئی ہالینڈ کی مشہور بائیک رائیڈر نورالی پولیس کے عجیب و غریب رویے اور سوالات سے پریشان ہوگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون رائیڈر کو پہلے ایک مقام پر پولیس والوں نے روکا، دستاویزات چیک کیے، پھر 2 اہلکاروں کو ان کے ساتھ بھیج دیا ، وہ اہلکار انہیں گھماتے پھراتے، ایک سے دوسری اور دوسری سے تیسری پولیس ٹیم کے حوالے کرتے رہے۔

نورالی سے مجموعی طور پر 6 الگ الگ پولیس ٹیموں نے انوسٹی گیشن کی، تحقیقات کے دوران ان سے نام پوچھا گیا،عمر پوچھی گئی، دستاویزات چیک کیے گئے، نورالی تعاون کرتی رہیں، جب سوال ہوا کہ 37 سال کی عمر میں شادی کیوں نہیں کی، تمہارا شوہر کہاں ہی تو پولیس کے غیر ضروری سوالات پر ہالینڈ کی خاتون بائیک رائیڈر جھنجلا گئی، پولیس والوں سے پوچھا کیا آپ کو کسی خاتون سیاح سے ایسے سوالات کرنے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نورالی دنیا میں سب سے زیادہ فالورز رکھنے والی بائیک رائیڈر ہیں جو پاکستان دیکھنے یہاں پہنچی تھیں۔ نورالی نے اپنے ساتھ بیتی اس ساری صورتحال کو فلم بند کرکے یوٹیوب پر اپلوڈ کردیا۔ ویڈیو میں نورالی جہاں پولیس کے نامناسب رویے اور سوالات سے بیزاری کا اظہار کرتی نظر آ رہی ہیں، وہیں پاکستان کی مہمان نوازی سے متاثر بھی ہیں۔ویڈیو میں دکھایا گیا کہ نورالی سڑک کنارے بنے ایک ہوٹل پر رکیں، ناشتہ کیا، غریب ہوٹل والوں نے پیسے لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا آپ ہماری مہمان ہیں، کچھ اور چاہیے تو بتائیں ہم آپ سے کھانے پینے کے پیسے نہیں لیں گے۔
وقت اشاعت : 21/08/2025 - 21:38:39