ہم نے عمران خان کی کپتانی میں بھارت کو اس کے گھر میں 6 میں سے 5 ون ڈے میچز ہرائے تھے : رمیز راجا

عبدالقادر کے رن آؤٹ ہونے کی وجہ سے ایک میچ ٹائی ہوا، ہماری وکٹیں زیادہ گری تھیں تو وہ جیت گئے : سابق کپتان

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:27

ہم نے عمران خان کی کپتانی میں بھارت کو اس کے گھر میں 6 میں سے 5 ون ڈے میچز ہرائے تھے : رمیز راجا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2025ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں 1986ء میں بھارت کو بھارت میں 6 میں سے 5 ون ڈے ہرائے تھے۔
نجی ٹی وی پر سینئر صحافی منصور علی خان سے بات کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کیخلاف وہ سیریز 1-5 سے جیتی تھی ، عبدالقادر کے رن آؤٹ ہونے کی وجہ سے ایک میچ ٹائی ہوا، ہماری وکٹیں زیادہ گری تھیں تو وہ جیت گئے، عمران خان جو عبدالقادر کو ’باؤ‘ بلاتے تھے، نے ڈریسنگ روم میں عبدالقادر کو کہا ’باؤ رات کو میں نے تمہارا نام تکیے پر لکھ کر رکھ رکھ کر ’’گُھسن‘‘ مارے ہیں‘۔

واضح رہے کہ رمیز راجہ درحقیقت جنوری 1987ء میں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلی گئی ون ڈے سیریز کا ذکر کررہے تھے جس میں پاکستان نے 1-5 سے کامیابی حاصل کی تھی ۔

(جاری ہے)

 
 سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ 
 سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے ایک بار پھر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 239 رنز کا ٹارگٹ دیا جو پاکستانی ٹیم نے سلیم ملک کی 72 ناٹ آئوٹ کی شاندار باری کے باعث آخری اوور میں 8 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

 
سیریز کے تیسرے ون ڈے میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 212 رنز بنائے اور جواب میں پاکستانی ٹیم بھی مقررہ 44 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز ہی بنا سکی اور میچ ٹائی ہوگیا، یہی وہ میچ ہے جس کی آخری بال پر عبدالقادر رن آئوٹ ہوگئے تھے جس کے باعث بھارت کو کم وکٹیں کھونے کی وجہ سے میچ کا فاتح قرار دیدیا گیا۔ 
سیریز کے چوتھے میچ میں بھارت نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 121 رنز کا ہدف دیا تھا جو گرین شرٹس نے 4 وکٹوں پر حاصل کیا تھا۔

 
پانچویں میچ میں پاکستان کے 286 رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم 245 رنز ہی سکور کرسکی تھی۔
چھٹے اور آخری مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 266 رنز کا ہدف دیا جو پاکستانی ٹیم نے 5 وکٹوں پر حاصل کرکے سیریز 1-5 سے اپنے نام کی تھی۔
وقت اشاعت : 18/09/2025 - 15:27:25