آئی سی سی ویمنزورلڈ کپ 2025 کی تمام خواتین میچ آفیشلزکی دبئی آمد ۔ ایمریٹس کی جانب سے وفد کا خیرمقدم

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:14

آئی سی سی ویمنزورلڈ کپ 2025 کی تمام خواتین میچ آفیشلزکی دبئی آمد ۔ ایمریٹس کی جانب سے وفد کا خیرمقدم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) دنیا کی سب سے بڑی ایئرلائن ، ایمریٹس نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے آغاز سے قبل دبئی ہیڈکوارٹرز میں پہنچنے والے خواتین میچ آفیشلز کے خصوصی وفد کا استقبال کیا۔ یہ پینل 14 امپائرز اور چار میچ ریفریز پر مشتمل ہے، جو دس مختلف ممالک کی نمائندگی کر رہا ہے۔ ایمریٹس ایئرلائن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی گلوبل پارٹنر ہے۔

اس سال کا ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ بھارت میں 30 ستمبر سے 2 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ یہ ایونٹ تاریخی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ پہلی بار 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں تمام میچز صرف خواتین آفیشلز کے ذریعے سپروائز کیے جائیں گے۔ایمریٹس گروپ ہیڈکوارٹرز میں خواتین آفیشلز کا خیرمقدم کرتے ہوئے، ایمریٹس کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ برائے کارپوریٹ کمیونیکیشنز، مارکیٹنگ اور برانڈ، بٹروس بٹروس نے کہا، ''آئی سی سی کے آفیشل ایئرلائن پارٹنر کے طور پر ایمریٹس کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ پہلی مکمل خواتین ٹیم کو تعاون فراہم کر رہا ہے، جو اس اہم ٹورنامنٹ میں میچز کو سپروائز کرے گی۔

(جاری ہے)

یہ شراکت داری کھیل کے شائقین کے ساتھ رابطے کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ میدان کے اندر اور باہر، دونوں جگہ صنفی برابری اور مساوی مواقع کے فروغ کا اظہار بھی ہے۔''ایمریٹس خواتین امپائرز کو تعاون پیش کرنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی 100٪ کرکٹ فیوچر لیڈرز پروگرام کا بھی حصہ ہے۔ اس پروگرام کا مقصد کرکٹ میں خواتین کے لیے عالمی معیار کے ترقیاتی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔

ایمریٹس اس پروگرام میں شامل خواتین کے لیے خصوصی رعایتی کرایے اور سہولیات فراہم کرتا ہے، تاکہ وہ بیرون ملک جاکر تربیت حاصل کر سکیں اور تجربہ کار مینٹورز سے رہنمائی لے سکیں۔ایمریٹس اور آئی سی سی کی شراکت داری تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے اور اسے کھیلوں کی دنیا کی مستحکم ترین پارٹنرشپس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس تعاون کے تحت ایمریٹس کا لوگو آئی سی سی کے ایلیٹ اور انٹرنیشنل امپائرز اور میچ ریفریز کی کٹس پر نمایاں طور پر موجود ہوتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ایمریٹس دنیا بھر میں ہونے والے بڑے کرکٹ ایونٹس کے لیے امپائرز اور ریفریز کو سفری سہولت فراہم کرتا ہے۔ ان ایونٹس میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ، آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 26/09/2025 - 19:14:24