سی ایم پنجاب چیمپینز لیگ: ملتان مارویلکس نے گوجرانوالہ سٹیگز کو 65 رنز سے شکست دے دی

بدھ 5 اگست 2026 20:47

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2026ء) یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام پاکستان کرکٹ بورڈ، پاکستان ریلوے اور ایف بی آر کے تعاون سے جاری سی ایم پنجاب چیمپینز لیگ کے دوسرے میچ میں ملتان مارویلکس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گوجرانوالہ سٹیگز کو 65 رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

گوجرانوالہ سٹیگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان مارویلکس نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کپتان راؤ عرفان نے 100 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹر عرفات منہاس نے 46 رنز ناٹ آؤٹ اور رانا عدیل مشتاق نے 39 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ہدف کے تعاقب میں گوجرانوالہ سٹیگز کی ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔خواجہ ارحم نے 60 رنز بنائے،ملتان کی جانب سے عرفات منہاس اور محمد اکرم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔شاندار سنچری پر راؤ عرفان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔میچ کے مہمانِ خصوصی صدر ڈی سی اے ملتان محمد ارسلان خان نے سی ایم پنجاب چیمپینز لیگ کے کامیاب آغاز کو سراہتے ہوئے اسے پی ایس ایل کے بعد پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ قرار دیا۔
وقت اشاعت : 05/08/2026 - 20:47:26